یوروپی ممالک میں موجود یوکرینی سفارتخانہ میں کون بھیج رہا ’خونی پیکٹ‘، جانوروں کی آنکھ دیکھ کر دہشت میں افسران
پورے یوروپ میں یوکرینی سفارتخانوں اور کئی کمرشیل سفارتخانوں کو جانوروں کی آنکھوں والا خونی پیکٹ ملا ہے، ’لیٹر بم‘ بھی موصول ہوئے ہیں جسے یوکرینی وزارت خارجہ نے دہشت پھیلانے کی کوشش بتایا ہے۔
روس اور یوکرین کے درمیان تقریباً 10 ماہ سے جاری جنگ کبھی مدھم اور کبھی تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اس درمیان یوکرین میں حالات بہت بدتر ہو رہے ہیں اور عوام کا جینا محال ہے۔ ایسے ماحول میں ایک نئی خبر نے لوگوں میں حیرانی اور دہشت کا عالم پیدا کر دیا ہے۔ دراصل یوروپی ممالک میں موجود یوروپی سفارتخانہ میں ’خونی پیکٹ‘ موصول ہو رہے ہیں۔ ان میں خط کے ساتھ جانوروں کی آنکھیں موجود ہوتی ہیں۔ یہ خونی پیکٹ کون بھیج رہا ہے، اس سلسلے میں کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں معلوم۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین سمیت پورے یوروپ میں یوکرینی سفارتخانوں اور کئی کمرشیل سفارتخانوں کو جانوروں کی آنکھوں والا خونی پیکٹ ملا ہے۔ ساتھ ہی ’لیٹر بم‘ بھی موصول ہوئے ہیں جسے یوکرینی وزارت خارجہ نے خوفناک اور دہشت کی منصوبہ بند کوشش قرار دیا ہے۔ ’دی واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق یوکرین نے اس واقعہ کے پیچھے روس کا ہاتھ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ یوکرینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نیدرلینڈ، پولینڈ، کروئشیا، اٹلی اور آسٹریا میں سفارتخانوں کے ساتھ ساتھ چیک جمہوریہ کے نیپلس اور برونو واقع یوکرینی کمرشیل سفارتخانہ میں خونی پیکٹ موصول ہوئے تھے۔
روم میں ایک یوکرینی افسر یوینیا وولوشچینکو کا کہنا ہے کہ ان کے سفارتخانہ میں جو پارسل موصول ہوا اس میں مچھلی کی آنکھ تھی۔ چیک پولیس کا کہنا ہے کہ برونو واقع یوکرینی کمرشیل سفارتخانہ کو ملے لفافے میں جانوروں کے ٹشوز تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیکٹ میں بم بھی تھا، جس کے سبب فوراً احاطہ کو خالی کرایا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اسی طرح کا ایک پیکٹ پراگ میں یوکرینی سفارتخانہ پہنچا تھا۔ روم میں بھی یوکرینی سفارتخانہ کے باہر خونی پیکٹ ملا۔ ایک اطالوی پولیس ترجمان نے کہا کہ اس پیکٹ میں غلاظت موجود تھی۔ ’ہولی سی‘ میں تعینات یوکرینی سفیر کا کہنا ہے کہ روم میں موصول خونی پیکٹ میں دھماکہ ہو گیا تھا، اس سے پیکٹ میں بھری ہوئی غلاظت بھی سب جگہ پھیل گئی تھی۔ بکھری ہوئی غلاظت سے باہر کی سیڑھی، چھت اور سامنے کے دروازے پوری طرح خراب ہو گئے تھے۔ اس طرح کے واقعات کے لیے یوکرین نے روس پر شک کا اظہار کیا ہے۔ حالانکہ روس نے اس طرح کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردانہ واقعہ قرار دیا۔ اسپین میں روسی سفارتخانہ اپنے دفاع میں سامنے آیا اور کہا کہ سفارتی مشن کے خلاف کوئی بھی خطرہ یا دہشت گردانہ سرگرمی پوری طرح سے قابل مذمت ہے۔ اس طرح کے واقعات سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔