ایغور مسلمانوں کے حقوق کی پامالی: امریکہ نے لگائی پابندیاں، چین نے دیا جوابی اقدام کا انتباہ

وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایغور اقلیت کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی پاداش میں چینی حکام پر پابندیاں عاید کرنے والے ایک قانون پر دستخط کر دیئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کے مغرب بعید میں واقع سنکیانگ میں ایغورمسلمانوں پر مبینہ جبر کے ذمہ داروں کے خلاف نئی پابندیوں کا مطالبہ کرنے والے قانون ساز فیصلے پر کل دستخط کر دیئے ہیں۔ امریکہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون چین میں ایغور اور دیگر اقلیتوں کی نسلی شناخت مٹانے اور ان کے مذہبی اعتقادات کے خاتمے کے لیے انسانی حقوق کی پامالیوں، مجرمانہ کیمپوں کا منظم استعمال، قید با مشقت اور دیگر جرائم میں ملوث اہلکاروں کے خلاف منظور کیا گیا ہے۔

چین نے اس امریکی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنکیانگ خطے میں چین کی پالیسی پر بدنیتی سے حملہ کیا گیا ہے۔ چین نے کہا ہے اس کی جوابی کارروائی کا ذمہ دار امریکہ ہوگا۔ چینی وزارت خارجہ نے اسے چین کے داخلی معاملات میں راست مداخلت گردانا ہے۔


یہ پابندیاں ایغور مسلم اقلیت کے خلاف بیجنگ حکومت کے مبینہ امتیازی سلوک کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔ امریکی کانگریس میں ان پابندیوں سے متعلق ایک مسودہ مئی میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ پابندیاں براہ راست ان چینی اہلکاروں کیخلاف ہیں، جو ایغور مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں میں مبینہ طور پرملوث رہے۔ امریکہ اور چین کے مابین کورونا وائرس اور تجارتی جنگ کی وجہ سے تعلقات پہلے سے ہی کشیدہ ہیں۔ ان پابندیوں سے ان میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے۔

اس قانون سازی میں جسے امریکی کانگریس متفقہ طور پر منظور کرچکی ہے، امریکی انتظامیہ سے یہ تقاضہ کیا جائے گا کہ وہ یہ تصدیق کرے کہ کون سے چینی اہلکار ایغور اور دیگر اقلیتوں کی "من مانی نظربندی، تشدد اور ہراساں کرنے" کے ذمہ دار ہیں۔ اس کے بعد ان عہدیداروں کے امریکہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کردیئے جائیں گے اور ملک میں ان کے داخلے پر پابندی لگا دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2020, 3:40 PM