تختہ پلٹنے کی کوشش کو ناکام بنانے میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہ کریں عوام: مادرو
نكولس مادرو نے کہا کہ يورپی میڈیا کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی مشیرکی قیادت میں منگل کے روز تختہ پلٹنے کی کوشش کی گئی تھی اور اس معاملے پر لاطینی امریکہ کے کئی ممالک کی حکومتوں سے رابطہ بھی کیا تھا۔
میکسیکو سٹی: وینزویلا کے صدر نكولس مادرو نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کبھی بھی فوجی بغاوت کی کوشش کی گئی تو جمہوریت کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر اترنے میں انہیں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
وینزویلا کے صدر نكولس مادرو نے یوم مئی کے موقع پر بدھ کو دارالحکومت کراکس میں شہریوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا ’’اگر کسی دن اس خبر سے آپ کی نیند ٹوٹتی ہے کہ مٹھی بھر مسلح افراد ملک پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنی آزادی اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے سڑکوں پر اترنے میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں وہ اس بات کا ثبوت دیں گے کہ منگل کو ہوئے تختہ پلٹنے کی کوشش میں کس طرح سے کچھ لوگ ملوث تھے۔
وینزویلا کے صدر نكولس مادرو نے کہا کہ يورپی میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ امریکہ کے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کی قیادت میں منگل کے روز تختہ پلٹنے کی کوشش کی گئی تھی اور انہوں نے اس معاملے پر لاطینی امریکہ کے کئی ممالک کی حکومتوں سے رابطہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا ’’میں امریکہ سے وینزویلا میں تختہ پلٹنے کی غیر قانونی کارروائی میں ملوث اس کے لوگوں کی جانچ کا مطالبہ کرتا ہوں‘‘۔
صدر نے کہا کہ تختہ پلٹنے کی کوشش کو ناکام کرنے کے دوران پانچ فوجی اہلکار اور پولس کے تین جوان زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں گولیاں لگی تھیں۔ ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ انہوں نے ہم وطنوں سے اپیل کی کہ وہ ملک اور اپنے صدر کے وفادار رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔