امریکی صدر کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ کا انتقال

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ کا انتقال ہو گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی کا انتقال ہفتہ کے روز ہوا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ کا انتقال ہو گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے چھوٹے بھائی کا انتقال ہفتہ کے روز ہوا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اپنے ایک بیان میں بھائی کے انتقال کا اعلان کر دیا۔ 72 سالہ رابرٹ ٹرمپ نیویارک کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ٹرمپ نے افسردہ خبر سناتے ہوئے کہا رابرٹ صرف میرا بھائی ہی نہیں میرا سب سے اچھا دوست بھی تھا، رابرٹ کی یادیں میرے دل میں ہمیشہ رہیں گی، وہ نہیں رہا لیکن ہم جلد دوبارہ ملیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے اہلکار نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ رابرٹ ٹرمپ کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی ہے، جس کے بعد امریکی صدر بھائی کی عیادت کے لیے اسپتال گئے۔ رابرٹ ٹرمپ کی بیماری سے متعلق تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم وہ کئی دنوں سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ”میں بوجھل دل کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ میرا شاندار بھائی رابرٹ آج رات پر سکون انداز میں گزر گیا۔“


ڈونلڈ اور رابرٹ طویل عرصے سے کاروباری شخصیات رہی ہیں، تاہم دونوں ایک دوسرے سے بالکل مختلف شخصیات ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار اپنے بھائی کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ مجھ سے بہت زیادہ پرسکون اور آسان طبیعت کا مالک ہے، اور وہ واحد بندہ ہے جسے میں نے کبھی ’ہنی‘ کہا۔

رابرٹ ٹرمپ نے اپنے کیریئر کا آغاز وال اسٹریٹ پر کارپوریٹ فنانس میں کام کرنے سے کیا تھا، تاہم بعد میں وہ فیملی بزنس میں آ گئے اور ٹرمپ آرگنائزیشن میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار سنبھالا۔

ٹرمپ فیملی کی خود نوشت لکھنے والی خاتون گوینڈا بلیئر کا کہنا ہے کہ جب رابرٹ ٹرمپ آرگنائزیشن میں کام کر رہے تھے تو وہ نائس ٹرمپ کے نام سے مشہور تھے، وہ 1948 میں نیو یارک سٹی میں پیدا ہوئے، اور فریڈ ٹرمپ کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔