امریکہ میں ہنگامہ، ٹرمپ حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بولا، خاتون ہلاک، واشنگٹن میں کرفیو
صدر ٹرمپ کے حامیوں اور پولیس کی جھڑپوں کے دوران کیپٹل ہل کو چاروں طرف سے پولیس نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔
ڈونالڈ ٹرمپ کے واشنگٹن ڈی سی میں اجلاس کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ان کے حامی بیریکیڈ توڑ کر کیپیٹل ہل میں گھس گئے اور ہنگامہ کرنا شروع کر دیا ۔ بی بی سی کی خبر کے مطابق اس ہنگامہ آرائی میں ایک خاتون بھی ہلاک ہو گئی۔
صدر ٹرمپ کے حامیوں اور پولیس کی جھڑپوں کے دوران کیپٹل ہل کو چاروں طرف سے پولیس نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔ واضح رہے اس وقت کیپیٹل ہل میں منتخب قانون ساز تھے اور اس وقت سینٹ اور ایوان نمائندگان کے ارکان جو بائڈن کی جیت کا سرٹیفیکیٹ دینے کےلئے مشترکہ اجلاس کر رہے تھے۔
ادھر ریاست جارجیا سے جو بائیڈن کی پارٹی ڈیموکریٹس کے دونوں امیدوار وں کے جیتنے کے بعد سینٹ پر بھی ڈیموکریٹس کا قبضہ ہو گیاہے ۔ واضح رہے اب سینٹ میں دونوں پارٹیوں کے پچاس پچاس ارکان ہیں لیکن نائب صدر کملا ہیرس کے فیصلہ کن ووٹ کی وجہ سے ڈیموکریٹس کی ہی اکثریت رہی گی ۔اب تمام قانون ساز کمیٹیوں کی قیادت ڈیموکریٹس کے ہی ہاتھ میں رہے گی۔
خبروں کے مطابق صدر ٹرمپ کے مسلح حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیاتھا جس کے بعدحکام کی جانب سے عمارت کو پوری طرح گھیرے میں لے لیا ہے۔اس بیچ صدر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر صدارتی انتخاب ’چوری‘ کیے جانے کا الزام دہراتے ہوئے اپنے حامی مظاہرین سے گھروں کو لوٹنے کی اپیل کی ہےجبکہ نو منتخب صدر جو بائیڈن نے ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ قوم سے خطاب کریں اور لوگوں سے کیپیٹل ہل کامحاصرہ ختم کرنے کو کہیں ۔ ٹرمپ نے ٹویٹ کر کے کہا ’’مہربانی کر کے ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مد کریں۔ وہ ہمارے ملک کے ساتھ ہیں ، پر امن رہیں۔‘‘
واضح رہے بعض ریپبلکن رہنما کچھ ریاستوں میں انتخابی نتائج کو تبدیل کروانا چاہتے ہیں لیکن انھیں اس کے لیے درکار حمایت حاصل نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jan 2021, 7:11 AM