بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی حلف برداری آج رات 8.30 بجے، محمد یونس کی دوپہر 3 بجے ہوگی پیرس سے وطن واپسی
بنگلہ دیش میں 15 رکنی عبوری حکومت کی قیادت نوبل انعام یافتہ محمد یونس کریں گے، حالانکہ ابھی تک یہ طے نہیں پایا ہے کہ اس 15 رکنی ٹیم میں کون لوگ شامل ہوں گے۔
بنگلہ دیش میں پیدا افرا تفری کے درمیان آج عبوری حکومت تشکیل پانے والی ہے۔ شیخ حسینہ کے ذریعہ وزیر اعظم عہدہ سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد سے ہی عبوری حکومت تشکیل دینے کی پیش رفت شروع ہو گئی تھی اور آج رات 8.30 بجے حلف برداری کی تقریب منعقد کرنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ اس تقریب میں کم و بیش 400 افراد کی شرکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس وقت سبھی کو محمد یونس کی وطن واپسی کا انتظار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوبل انعام یافتہ محمد یونس آج دوپہر تقریباً 3 بجے پیرس سے بنگلہ دیش پہنچیں گے جس کے بعد سیاسی ہلچل مزید تیز ہو جائے گی۔
دراصل عبوری حکومت کی قیادت محمد یونس ہی کرنے والے ہیں۔ اس عبوری حکومت میں 15 لوگوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن ابھی تک یہ طے نہیں پایا ہے کہ اس میں کون کون لوگ شامل ہوں گے۔ جب محمد یونس ڈھاکہ پہنچیں گے تو سبھی ناموں پر مہر لگائی جائے گی۔ حالانکہ کئی ناموں کا تذکرہ سیاسی حلقے میں ہو رہا ہے جن میں طلبا تحریک کے کچھ لیڈران بھی شامل ہیں۔ ’پروتھوم الو‘ اخبار نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ طلبا تحریک کے لیڈران حکومت میں اپنا دو نمائندہ چاہتے ہیں۔ وہ دو نام کون ہیں، اس سلسلے میں فی الحال کوئی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ ایسی بھی خبریں ہیں کہ بنگلہ دیشی صدر شہاب الدین بھی اپنے 2 نمائندوں کو عبوری حکومت کی 15 رکنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
عبوری حکومت کی مدت کار کیا ہوگی، اس سلسلے میں بدھ کے روز بنگلہ دیشی صدر سے طلبا تحریک کے لیڈران نے تبادلہ خیال کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ حکومت کی مدت کار کم از کم 3 سال ہونی چاہیے۔ حالانکہ اس سلسلے میں تفصیل عبوری حکومت تشکیل پانے کے بعد ہی سامنے آ پائے گی۔
اس درمیان سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی بیٹی صائمہ واجد نے اپنی ماں سے ملاقات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس مشکل دور میں اپنی ماں کو نہ دیکھ پانے اور گلے نہ لگا پانے سے غمگین ہیں۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس تعلق سے اپنا غم بیان کیا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ وہ اپنے ملک سے محبت کرتی ہیں اور لوگوں کی موت پر غمزدہ ہیں۔
واضح رہے کہ صائمہ واجد ڈبلیو ایچ او کے ساؤتھ ایسٹ ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر ہیں اور دہلی ہیڈکوارٹر میں رہتی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او ہیڈکوارٹر دہلی سے ہنڈن ایئربیس کی دوری محض 25 کلومیٹر ہے۔ اس کے باوجود صائمہ اپنی ماں شیخ حسینہ سے ملاقات نہیں کر پا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔