پل کا افتتاح کرنے پہنچے تھے میئر، پل ٹوٹنے سے بیوی سمیت نالے میں گرے!
مانا جا رہا ہے کہ صلاحیت سے زیادہ لوگوں کے پل پر چڑھ جانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، اس حادثے کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں کئی لوگ نالے میں گرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
میکسیکو کے کویرنیواکا شہر میں ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا جب ایک پل افتتاح سے پہلے ہی ٹوٹ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پل کے افتتاح کے لیے شہر کے میئر اور دوسرے افسران پہنچے ہوئے تھے۔ جب وہ لوگ اس پل پر چڑھے تو وہ ٹوٹ گیا۔ اس واقعہ میں میئر سمیت تقریباً دو درجن افراد نیچے نالے میں گر گئے۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر کے میئر ندی کے اوپر بنے ایک فُٹ برج کا افتتاح کرنے والے تھے۔ لکڑی کے بورڈس اور میٹل چینس سے بنے اس پل کی از سر نو تعمیر ہوئی تھی۔ ویڈیو دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ چینس سے بورڈس الگ ہونے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ پل ٹوٹنے سے شہر کے کاؤنسل ممبرس اور دوسرے مقامی افسران 3 میٹر نیچے نالے میں موجود پتھروں پر گر گئے۔ موریلوس ریاست کے گورنر کوتھیموک بلینکو نے بتایا کہ نالے میں گرنے والوں میں میئر، ان کی بیوی، کئی افسران اور رپورٹرس شامل تھے۔ کئی لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں جس کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میئر جوس لوئس کو بھی اسپتال لے جایا گیا تھا۔ انھیں ہلکی چوٹیں آئی تھیں اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ صلاحیت سے زیادہ لوگوں کے پل پر چڑھ جانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں کئی لوگ نالے میں گرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔