اسرائیل-حماس جنگ بندی کے درمیان اسرائیلی فوج نے 6 فلسطینیوں کا کیا قتل، رپورٹ میں انکشاف
فلسطینی آفیشیل نیوز ایجنسی وفا نیوز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے کئی سمتوں سے جینن پر حملہ کیا اور گولیاں برسائیں۔
اسرائیل-حماس کے درمیان غزہ میں جاری جنگ سے پریشان لوگوں نے اس وقت راحت کی سانس لی جب جمعہ سے 4 دنوں کی جنگ بندی کا نفاذ کیا گیا۔ لیکن خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اس جنگ بندی کے درمیان اسرائیلی فوج نے 6 فلسطینیوں کا قتل کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 اموات جینن شہر میں ہوئی ہیں اور چھٹی موت نبلس شہر کے پاس ایک گاؤں میں ہوئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہفتہ کی دیر شب اور اتوار کی صبح قبضے والے ویسٹ بینک میں اسرائیلی فوج نے ایک نابالغ سمیت 6 فلسطینیوں کا گولی مار کر قتل کر دیا۔
فلسطین کی آفیشیل نیوز ایجنسی وفا نیوز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے کئی سمتوں سے جینن پر حملہ کیا اور گولیاں برسائیں۔ اس کے علاوہ فلسطینی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے سرکاری اسپتالوں اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ہیڈکوارٹر کی گھیرابندی کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے دفتر نے کہا کہ وہ ان رپورٹس کی جانچ کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز حماس نے بھی اسرائیل پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ حماس نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں ڈرون کے ذریعہ نگرانی کر رہا ہے جو کہ معاہدہ کی شرطوں کے خلاف ہے۔ وہ غزہ میں انسانی امداد کے لیے ٹرک نہیں بھیج رہا ہے۔ حالانکہ اسرائیل نے ان الزامات کو سرے سے خارج کیا ہے اور اتوار کو ٹرکوں کے بھیجے جانے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ انسانی امداد کے طور پر سامان کے ساتھ 200 ٹرک بین الاقوامی امدادی اداروں کو بھیجے گئے۔ ان ٹرکوں میں کھانا، پانی، رہائش کے لیے سامان و طبی اشیا شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔