یہودیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت ملنے سے ماحول پھر کشیدہ
تصادم کا تازہ واقعہ یہودیوں کے تہوار تیشابو کے موقع پر پیش آیا جو روایت کے مطابق ٹیمپل ماؤنٹ میں قائم 2 یہودی عبادت گاہوں کو مسمار کیے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
یروشلم: سینکڑوں یہودی زائرین کی جانب سے مذہبی تہوار منانے کے لیے بیت المقدس میں داخلے کے باعث اسرائیلی پولیس اور مسلم مظاہرین میں آج جھڑپ ہوگئی۔ ’ڈان‘ میں شائع ہونے والی فرانسیسی خبر رساں ا دارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے اس کشیدگی اور یہودیوں کے انتہائی حساس مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں داخلے کی مذمت کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم نفتالی بینٹ نے یہودیوں کے لیے ٹیمپل ماؤنٹ کے نام سے معروف مسجد الاقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلہ کی حمایت کی۔
اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ اتوار کی صبح فلسطینی نوجوانوں نے ٹیمپل ماؤنٹ میں پولیس فورس پر پتھر برسائے تاہم کسی کی گرفتاری یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فلسطین کے لیے یورپی یونین کے وفد نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہیں ’جاری کشیدگی پر تشویش‘ ہے اور زور دیا کہ اشتعال انگیزی کو ہوا دینے والے اقدامات نہ کیے جائیں۔ساتھ ہی انہوں نے اس مقام کی حیثیت کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلیوں، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں پر فوری طور پر ’مشتعل صورتحال کو ٹھنڈا کرنے‘ کے لیے زور دیا۔
یہ واقعہ یہودیوں کے تہوار تیشابو کے موقع پر پیش آیا جو روایت کے مطابق ٹیمپل ماؤنٹ میں قائم 2 یہودی عبادت گاہوں کو مسمار کیے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ مقدس مقام مشرقی یروشلم میں موجود ہے جس پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کیا تھا لیکن مسلمان وقف کے زیر انتظام ہے جو یہودیوں کو یہاں رسائی دینے کے حوالے سے گریزاں ہیں۔ واضح رہے کہ 2برس قبل جب یہودیوں اور مسلمانوں کے تعطیل تہوار ایک ساتھ آگئے تھے اس وقت ہونے والے پر تشدد واقعات میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے اور 7 افراد گرفتار ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔