چین میں ’یاگی‘ طوفان کی تباہی شروع، 2 لوگوں کی موت، تقریباً 100 افراد زخمی، کئی درخت ٹوٹ گئے
مقامی باشندوں کے مطابق طوفان کی وجہ سے کئی گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں اور ان کے فرنیچر میں پانی بھر گیا ہے۔
چین میں خوفناک طوفان ’یاگی‘ نے اپنی تباہی شروع کر دی ہے۔ اس طوفان کو ’سپر ٹائفون‘ کی درجہ بندی دی گئی ہے، کیونکہ یہ انتہائی ہولناک ہے۔ جنوبی چین کے جزیرہ ہینان میں زوردار بارش اور تیز ہواؤں کے سبب اب تک 2 لوگوں کی موت اور تقریباً 100 افراد کے زخمی ہونے کی خبر سامنے آ چکی ہے۔ ایک خبر رساں ایجنسی کے مطابق یاگی طوفان اس سال کا 11واں طوفان ہے اور اس نے پہلے ہینان، پھر اس کے بعد گوانگڈونگ علاقے میں تباہی مچائی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ’یاگی طوفان‘ کو پیش نظر رکھتے ہوئے چین میں پہلے ہی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا تھا، ساتھ ہی جنوبی علاقہ میں سیلاب کا الرٹ بھی دیا گیا، کیونکہ ’یاگی‘ پہلے ہینان میں اور اس کے بعد جنوبی گوانگڈونگ میں لینڈ سلائڈ کا سبب بنا۔ اس کے بعد چین کے گوانگشی جوانگ خود مختار علاقہ اور شمالی ویتنام میں سیلاب کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔
مقامی افسران ہفتہ کے روز بتایا کہ سپر ٹائفون ’یاگی‘ نے جنوبی چین کے جزیرہ ہینان میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا احساس کیا جس میں کئی درخت ٹوٹ گئے۔ اس سال کے 11ویں طوفان ’یاگی‘ نے جمعہ کو ہی چین میں دو مرتبہ (پہلے ہینان میں اور پھر گوانگڈونگ علاقہ میں) دستک دی۔ ہانگ کانگ واقع ’ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں سے 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو نکالا گیا ہے۔ سبھی دفاتر میں کام، اسکول کلاسز اور کاروبار معطل کر دیے گئے ہیں۔ جمعہ کے روز 100 سے زیادہ پروازیں بھی اس ’یاگی‘ طوفان کی وجہ سے منسوخ کر دی گئیں۔
ہینان میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب مشکل حالات پیدا ہو گئے۔ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کٹوتی کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ناریل کے درختوں کو ٹوٹتے اور گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ گرے ہوئے بل بورڈ، تباہ ہوئی چھتیں اور پلٹی ہوئی گاڑیاں بھی جگہ جگہ دکھائی دے رہی ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ طوفان کے سبب ان کے گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور ان کے فرنیچر میں پانی بھر گیا۔ یہ سب دیکھنا انتہائی خوفناک تھا۔ قابل ذکر ہے کہ 1949 سے 2023 تک ہینان میں 106 ٹائفون (طوفان) آئے، لیکن صرف 9 کو ’سپر ٹائفون‘ کی شکل میں درجہ بندی کی گئی۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سپر ٹائفون ’یاگی‘ کی تباہی کس حد تک ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔