اب روس کے خلاف ناٹو کی کارروائی، دنیا کو ’سرد جنگ‘ کا خطرہ!

ناٹو اتحاد کے لئے کام کرنے والے اسٹاف ممبران میں شامل 7 روسی اہلکاروں کو فارغ کردیا گیا ہے جبکہ دیگر 3 اہلکاروں کو سند دینے سے انکار کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امریکہ، برطانیہ اور مختلف ممالک کے بعد اب شمالی بحر اوقیانوس کے فوجی اتحاد ناٹو نے بھی روس کو آنکھیں دکھانا شرو ع کر دی ہیں اور 7 روسی اسٹاف ممبران کو فارغ کر دیا ہے۔ ادھر روس کا کہنا ہے کہ اگر مغربی ممالک جاسوسی معاملہ میں روس کے تئیں متعصب رویہ اپناتے رہے تو دنیا ’سرد جنگ‘ کی سنگین صورتحال میں پھنس جائے گی۔

آسٹریليا میں روس کے سفیر گریگوری لاگیونووف نے صحافیوں سے کہا ’’مغربی ممالک کو یہ سمجھنا چاہئے کہ روس مخالف پروپیگنڈہ کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ اگر یہ جاری رہا تو ہم سرد جنگ کی سنگین صورتحال میں پھنس جائیں گے۔‘‘

روس نے چار مارچ کو انگلینڈ میں روس کے سرگئی اسكرپل اور ان کی بیٹی کے قتل کی کوشش میں کسی بھی طرح کے کردار سے انکار کیا ہے لیکن جوابی کارروائی کے طور پر امریکہ اور یوروپی ممالک ان کے سفارتکاروں کو نکال رہے ہیں۔ آسٹریلیا نے گزشتہ روز اپنے ملک سے روس کے دو سفارتکاروں کو نکالنے کا فیصلہ لیا ہے۔اس پورے واقعہ کے بعد گریگوری لاگیونووف نے میڈیا سے بات چیت کی۔

انہوں نے جاسوسی معاملہ کے پیچھے روس کا ہاتھ ہونے کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ روس نے ابھی تک برطانیہ کے ساتھیوں کی طرف سے روسی سفارت کاروں کو نکا لے جانے پر اپنی جوابی کارروائی پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ناٹو اتحاد کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے بتایا کہ ناٹو اتحاد کے لیے کام کرنے والے اسٹاف ممبران میں شامل سات روسی اہلکاروں کو فارغ کردیا گیا ہے جبکہ دیگر 3 روسی اہلکاروں کو سفارتی تعیناتی کی سند دینے سے انکار کردیا ہے۔

مختلف ممالک کی جانب سے اب تک 150 کے قریب مبینہ روسی انٹیلی جنس اہلکاروں کو بے دخل کیا جاچکا ہے، جن میں امریکہ کی جانب سے 60 جبکہ برطانیہ نے33اہلکاروں کو ملک سے بے دخل کیا۔

ناٹو چیف کا کہنا ہے کہ ان کےاس اقدام کا مقصد روس کو واضح طور پر یہ پیغام دینا ہے کہ اس کا رویہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔