روس کو ہرانا چاہیے لیکن کچلنا نہیں چاہئے: میکرون
امینوئل میکرون نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ روس یوکرین میں ہارے اور میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ یوکرین اپنی پوزیشن کا دفاع کرنے کے قابل ہو۔
پیرس: فرانس کے صدر امینوئل میکرون نے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں روس کو ہارتے ہوئے دیکھنا چاہیں گے اور اسے (روس) کچلتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے امینوئل میکرون نے مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے لیے فوجی تعاون میں اضافہ کریں اور کہا کہ وہ ایک طویل لڑائی کے لیے تیار ہیں۔ امینوئل میکرون نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ روس یوکرین میں ہارے اور میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ یوکرین اپنی پوزیشن کا دفاع کرنے کے قابل ہو۔
انہوں نے ان لوگوں کو نشانہ بنایا جنہوں نے کہا کہ وہ قوم کو "کچلنے" کے لیے جنگ کو روس تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ یہ تبصرے میونخ سیکورٹی کانفرنس میں جمع ہونے والے عالمی رہنماؤں کے یوکرین کو ہتھیاروں کی سپلائی تیز کرنے اور روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے وعدے کے بعد سامنے آئے ہیں۔
امینوئل میکرون نے لی جرنل ڈو ڈیمانچے اخبار کو بتایا کہ "مجھے نہیں لگتا، جیسا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں روس کی مکمل شکست، روسی سرزمین پر حملہ کرنا چاہیے۔" انہوں نے کہا کہ "وہ مبصرین، سب سے بڑھ کر روس کو کچلنا چاہتے ہیں۔ یہ فرانس کا موقف کبھی نہیں رہا ہے اور یہ کبھی ہمارا موقف نہیں رہے گا۔‘‘ جمعہ کو میونخ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امینوئل میکرون نے اصرار کیا کہ اب روس کے ساتھ بات چیت کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے امن مذاکرات کو حتمی ہدف قرار دینے میں کوئی عار محسوس نہیں کیا۔
صدر نے تجویز پیش کی کہ یوکرین کی فوجی کوشش، جسے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے، 'روس کو مذاکرات کی طرف واپس لانے اور دیرپا امن قائم کرنے' کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے روس میں حکومت کی تبدیلی کے امکان کو بھی مسترد کرتے ہوئے پوری دنیا میں اسی طرح کی کوششوں کو "ناکامی" قرار دیا۔ امینوئل میکرون کے تبصروں کے باوجود یوکرین کے رہنماؤں کے لیے بات چیت کا امکان نہیں ہے۔
جمعہ کو وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے میونخ کانفرنس میں روس کو مدعو نہ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ "روسی رہنماؤں کو مذاکرات کی میز پر اس وقت تک مدعو نہیں کیا جانا چاہیے جب تک کہ وہ بموں، میزائلوں اور ٹینکوں کو بین الاقوامی سیاست کی دلیل کے طور پر استعمال کرے۔"
یہ بھی پڑھیں : بی بی سی پر مودی سرکار کو غصہ کیوں آتا ہے!... ظفر آغا
صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن کے ساتھ فوری بات چیت کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی اعتماد نہیں ہے۔ اس ہفتے کے شروع میں بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے روس کے ساتھ امن معاہدے کے حصے کے طور پر علاقے کو دینے کے خیال کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ میکرون کو اس سے قبل نیٹو کے کچھ اتحادیوں نے یوکرین پر ملے جلے پیغامات بھیجنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔