امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی، روڈ سائن لگ گئے
اسرائیلی حکام نے یروشلم میں ایسے روڈ سائنز یا راستے کی نشاندہی کرنے والے بورڈ لگا دیئے ہیں جو امریکی سفارت خانے کو جانے والے راستے کی طرف رہنمائی کرتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس دسمبر میں یہ متنازعہ اعلان کیا تھا کہ وہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں اور یہ کہ امریکی سفارت خانہ جلد ہی تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیا جائے گا۔ اسرائیل نے امریکی فیصلے کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا تھا۔
اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان یروشلم شہر کی حیثیت انتہائی متنازعہ ہے۔ فلسطینی اپنی مستقبل کی خود مختار ریاست کا دارالحکومت مشرقی یروشلم کو بنانا چاہتے ہیں جبکہ اسرائیل پورے یروشلم پر اپنی ملکیت کا دعویدار ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے پر دنیا بھر میں تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس فیصلے کو بھاری اکثریت کے ساتھ ہدف تنقید بنایا تھا۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق پیر 7 مئی کو یروشلم کے میئر نیر برکات نے پہلا ایسا روڈ سائن نصب کیا جو امریکی عبوری ایمبیسی کمپاؤنڈ جانے والے راستے کی نشاندہی کرتا ہے۔ شیڈول کے مطابق یروشلم میں امریکی سفارتی مشن کو 14 مئی سے کام شروع کرنا ہے۔
یروشلم کے میئر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ’’یہ خواب نہیں، حقیقت ہے۔ یروشلم یہودی لوگوں کا ابدی دارالحکومت ہے اور دنیا نے اس حقیقت کو تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔‘‘
امریکی وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ مشن ایک عبوری سفارت خانہ ہے جو ایک ایسی عمارت میں کھولا جا رہا ہے جو اس وقت یروشلم میں امریکی قونصل خانے کے تحت قائم ہے۔ تاہم یروشلم میں مستقل امریکی سفارت خانے کی جگہ کا تعین کیا جانا ابھی باقی ہے۔
اسرائیلی حکام کی طرف سے پیر کے روز یہ اعلان بھی کیا گیا کہ رواں ماہ کے اختتام تک پیرا گوئے بھی اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کر دے گا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان ایمانوئل ناہشون کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پیرا گوئے کے صدر ہوراسیو کارٹیس رواں ماہ کے اختتام تک اسرائیل آ کر اپنے ملک کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ خیال رہے کہ گوئٹے مالا بھی قبل ازیں اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 May 2018, 10:09 AM