وزیر اعظم نریندر مودی کی اپنے جاپانی ہم منصب فومیو کشیدا سے ملاقات، شنزو آبے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

وزیر اعظم مودی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ کشیدا کی قیادت میں ہندوستان-جاپان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور بلندیوں کو چھوئیں گے نیز یہ کہ ہم دنیا کے مسائل حل کرنے میں مناسب کردار ادا کرنے کے قابل بنیں گے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @narendramodi
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @narendramodi
user

یو این آئی

ٹوکیو: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کرکے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہند-جاپان تعلقات کو بے مثال بلندیوں تک لے جانے میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔ سرکاری اطلاع کے مطابق وزیر اعظم مودی نے ایک آزاد، کھلے اور جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے وژن کی تشکیل میں آبے کے تعاون کو بھی یاد کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک مختصر دو طرفہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہندوستان-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف بین الاقوامی گروپوں اور اداروں میں مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے بیان میں مودی نے کہا، ’’ہم آج دکھ کی اس گھڑی میں مل رہے ہیں۔ آج جاپان آنے کے بعد میں خود کو زیادہ اداس محسوس کر رہا ہوں کیونکہ پچھلی بار جب میں آیا تھا تو میں نے آبے سے بہت لمبی بات چیت کی تھی اور یہ نہیں سوچا تھا کہ جانے کے بعد ایسی خبر سننے کی نوبت آئے گی۔

کشیدا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مودی نے کہا، "آبے اور ان کے ساتھ وزیر خارجہ کی حیثیت سے آپ نے ہندوستان-جاپان تعلقات کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے اور اسے کئی شعبوں تک پھیلایا ہے اور ہماری دوستی نے بھی عالمی سطح پر اثر پیدا کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا، ہندوستان اور جاپان کی دوستی نے۔ اس سب کے لیے آج ہندوستان کے عوام آبے سان کو بہت یاد کرتے ہیں، جاپان کو بہت یاد کرتے ہیں۔ ہندوستان ہمیشہ ایک طرح سے ہمیشہ ان کی کمی محسوس کر رہا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ کشیدا کی قیادت میں ہندوستان-جاپان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور بلندیوں کو چھوئیں گے نیز یہ کہ ہم دنیا کے مسائل حل کرنے میں مناسب کردار ادا کرنے کے قابل بنیں گے۔ مودی جاپان کے سابق وزیر اعظم اور ہندوستان کے دوست آبے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آج صبح یہاں پہنچے ہیں۔ آبے کی آخری رسومات میں 100 سے زائد ممالک کے اعلیٰ سطحی نمائندے شرکت کریں گے جن میں 20 سے زائد سربراہان مملکت ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔