نائیجیریا: پٹرول ٹینکر میں زوردار دھماکہ سے 94 لوگوں کی موت، تقریباً 50 افراد شدید زخمی

یہ حادثہ پٹرول ٹینکر کے پلٹنے کے کچھ دیر بعد ہوا۔ جب مقامی لوگ اکٹھا ہو کر ٹینکر سے پٹرول جمع کر رہے تھے تبھی اچانک ٹینکر کے اندر زبردست دھماکہ ہوا، نتیجہ کار وہاں موجود لوگ اس کی زد میں آ گئے۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نائجیریا میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں تقریبا 94 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ دراصل ایک پٹرول ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا اور کچھ دیر کے بعد اس میں اچانک سے دھماکہ کے ساتھ آگ لگ گئی۔ دھماکہ کی آواز سے پورا علاقہ دہل گیا، ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا۔ اس دھماکہ میں نہ صرف 94 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، بلکہ تقریباً 50 لوگ شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، کیونکہ زخمیوں میں کچھ کی حالت بہت نازک ہے۔

ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق جب پٹرول ٹینکر بے قابو ہو کر پلٹ گیا، تو اس سے پٹرول بھرنے کے لیے مقامی لوگ بڑی تعداد میں وہاں اکٹھا ہو گئے۔ جب یہ لوگ ٹینکر سے پٹرول نکال رہے تھے تبھی ٹینکر کے اندر زوردار دھماکہ ہو گیا۔ ہر طرف افرا تفری پھیل گئی اور لاشیں ہی لاشیں بکھری دکھائی دینے لگیں۔ اس واقعہ کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں ہنگامہ آرائی اور آگ و دھواں کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔


یہ خوفناک حادثہ شمالی نائجیریا واقع جیگاوا ریاست کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ وہاں پر موجود پولیس افسر نے بتایا کہ ’’حادثہ پٹرول ٹینکر کے بے قابو ہو کر پلٹنے کے بعد پیش آیا تھا۔ ٹینکر پلٹنے کے فوراً بعد اس میں دھماکہ نہیں ہوا تھا، بلکہ کئی لوگ وہاں جمع ہو کر پٹرول اکٹھا کرنے میں مصروف ہو گئے تھے۔ سبھی کسی حادثہ سے بے خبر اور لاپروائی کے ساتھ پٹرول اکٹھا کر رہے تھے کہ اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہو گیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔