امریکہ: میٹرو سٹیشن پر حملے کے شبے میں گرفتار شخص پر دہشت گردی کا مقدمہ درج

نیویارک کے علاقے بروکلین کے میٹرو سٹیشن پر فائرنگ میں دس لوگوں کو زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور اس پر کیس درج کر دیا ہے۔

علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نیویارک میں کل یہ اطلاع دی گئی کہ بروکلین میٹرو اسٹیشن پر فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے ۔ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس کا نام فرینک جیمز ہے اور اس کی عمر 62 سال ہے۔واضح رہے جیمز کو پریس کانفرنس سے کچھ ہی دیرپہلے مین ہیٹن کے ایسٹ ولیج کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جیمز پر الزام ہے کہ اس نے منگل کے روز لوگوں سے بھرے میٹرو سٹیشن پر فائرنگ کی تھی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے دس افراد میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ جیمز کی رہائش کے بارے میں ایک مخبری ملی تھی۔ نیویارک ریاست کی گورنر کیتھی ہوکل نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران جیمز کی گرفتاری کی خبر پریس کو دی تھی۔


منگل کے روز پولیس نے بتایا تھا کہ پولیس نے جیمز سے اس وین کو کرائے پر لینے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی جسے اس حملے کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔ اس وقت تک پولیس کو یقین نہیں تھا کہ جیمز اس حملے میں ملوث ہیں۔

واضح رہے حالیہ مہینوں میں جیمز نے اپنے سوشل میڈیا پر نسل پرستی اور تشدد سے متعلق کئی ویڈیوز شئیر کی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے نیویارک شہر میں ذہنی صحت سے متعلق اپنے تجربات بھی لکھے تھے۔ انہوں نے اپنی کئی ویڈیوز میں شہر کے مئیر ایرک ایڈمز کی ذہنی صحت سے متعلق پالیسیوں پر تنقید بھی کی تھی۔


پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے کی وجہ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن اپنے پیچھے کئی ثبوت چھوڑ گیا تھا جس میں بندوق، گولیوں کے میگزین، دھوئیں کے گرینیڈ، گیسولین اور کرائے پر لی گئی یو ہال کی وین کی چابیاں شامل تھیں۔ اس چابی کی مدد سے تفتیش کار جیمز تک پہنچے جو نیویارک کا ہی رہائشی ہے لیکن حال ہی میں اس کی رہائش امریکی شہر فلاڈیلفیا اور ریاست وسکانسن میں رہی ہے۔جیمز نے بندوق 2011 میں ایک اسلحہ فروش سے امریکی ریاست اوہائیو میں خریدی تھی، جب کہ وین سٹیشن کے نزدیک ہی ایسی جگہ پر کھڑی تھی جہاں سے تفتیش کاروں کا اندازہ تھا کہ حملہ آور سٹیشن میں داخل ہوا تھا۔

جیمز کا تعلق سیاہ فام برادری سے ہے اور اس نے حملے سے ایک روز پہلے اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شئیر کی تھی جس میں اس نے امریکہ میں سیاہ فام افراد کی حالت زار پر گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ سخت ایکشن کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔