امریکی انتخابات: جارجیا میں دوبارہ ہوگی ووٹ شماری، جارجیا کے سکریٹری کا اعلان
جارجیا میں دوبارہ ہوگی ووٹ شماری، جارجیا کے سکریٹری بریڈ ریفنسپرگر کا بیان
جارجیا میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہاں پر ڈیموکریٹ پارٹی امیدوار بائڈن نے سبقت بنا رکھی ہے۔ جارجیا کے سکریٹری بریڈ ریفنسپرگر کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ہم ووٹ شماری کے آخری دور میں پہنچ رہے ہیں، ہم اپنے اگلے اقدام کی طرف دیکھنا شروع کر سکتے ہیں۔ جارجیا میں دوبارہ ووٹ شماری ہوگی۔
ڈی ڈی ایچ کیو کے مطابق بائڈن نے پنسلوینیا جیت حاصل کر لی
انتخابی ماہرین کے ایک نیٹورک ڈی ڈی ایچ کیو نے اعلان کیا ہے کہ بائڈن نے پنسلوینیا میں جیت حاصل کر لی ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی آفیشیل اعلان نہیں ہوا ہے۔ یہ جیت بائڈن کے صدر بننے کے لیے نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔ وہ امریکہ کے صدر بننے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔
بائڈن کا صدر بننا طے، انتظامیہ نے زمینی اور فضا ئی سیکورٹی فراہم کی
اب امریکہ کی کوئی ریاست ایسی نہیں ہے جہاں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کواپنے حریف جو بائڈن پر سبقت حاصل ہو اوراگر رجحانات کودیکھا جائے تو جو بائڈن تین سو سےزیادہ الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیں گے۔ امریکہ کی انتظامیہ کو اب یہ یقین ہوگیا ہے جو بائڈن امریکہ کے نئے صدر ہوں گے۔ یہی وجہ ہےکہ امریکہ کی سیکریٹ سروس اور ایف بی آئی حرکت میں آ گئی ہے۔ خبر ہے کہ جو بائڈن کے گھر کے اوپر ایر اسپیس کو پورا محفوظ کر لیا گیا ہے اور جو بائڈن کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔بائڈن کے لئے زمین اور فضا میں ہر طرح کی سیکیورٹی کاانتظام کر دیا گیا ہے اور یہ اشارہ کافی ہے یہ سمجھنے کے لئے کہ جو بائڈن امریکہ کے نئے صدر ہونے جا رہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے ضرور عدالت سے رجوع کرنے کے لئے کہا ہے لیکن یہ صرف اپنے ووٹرس کی تسلی بھر کے لئے ہوگا۔
جارجیا کے بعد سبھی کی نظریں پنسلوینیا اسٹیٹ پر مرکوز
جارجیا میں ڈیموکریٹس امیدوار بائڈن نے ٹرمپ پر سبقت بنا لی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ اسٹیٹ ان کے قبضہ میں ہوگا۔ اس درمیان اب سبھی کی نظریں پنسلوینیا اسٹیٹ پر مرکوز ہو گئی ہیں کیونکہ یہاں بھی بائڈن تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ٹرمپ سے اب وہ کچھ ہی پیچھے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی وہ پنسلوینیا میں بھی آگے بڑھ سکتے ہیں کیونکہ جن علاقوں کا ووٹ اس وقت شمار کیا جا رہا ہے وہ ڈیموکریٹس کے علاقے ہیں۔ اگر پنسلوینیا میں بائڈن جیتتے ہیں تو ان کے لیے 270 کا جادوئی نمبر حاصل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔
جارجیا میں فتح حاصل کرنے سے چند قدم دور ہیں بائڈن
ڈیموکریٹس امیدوار بائڈن جارجیا اسٹیٹ میں صدر ٹرمپ سے آگے نکل گئے ہیں اور ریپبلکن کے اس قلع پر فتح حاصل کرنے سے چند قدم دور ہیں۔ اگر بائڈن یہاں سبقت بنائے رکھتے ہیں اور جیت حاصل کرتے ہیں تو ایک تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ جارجیا پر ریپبلکن کی گرفت کافی مضبوط رہی ہے۔ یہاں قابل غور ہے کہ بائڈن کو جیت کے لیے صرف ایک اسٹیٹ کی ضرورت ہے اور ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جارجیا، پنسلوینیا، نیواڈا یا شمالی کرولینا میں سے کسی میں جیت ان کے لیے راہیں آسان کر دے گی۔
ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کا پنسلوینیا کنونشن سنٹر کے باہر ہنگامہ
امریکہ میں صدارتی انتخاب دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے۔ بائڈن اپنے حریف ٹرمپ کے اوپر سبقت ضرور بنائے ہوئے ہیں، لیکن غیر یقینی کی صورت حال برقرار ہے۔ اس درمیان ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین نے فلاڈلفیا واقع پنسلوینیا کنونشن سنٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کا ویڈیو اے ایف پی نیوز ایجنسی کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا گیا ہے۔
سر قلم کرنے کے بیان پر ٹرمپ کے سابق مشیر کا ٹویٹر اکاؤنٹ بند
سخت گیر دائیں بازوں کے سینئر اہلکار اورصدر ٹرمپ کے سابق انتخابی مشیر اسٹیو بینن کو ٹویٹر نے مستقل طور پر معطل کر دیا ہے یعنی ان کا اکاؤنٹ بند کر دیاہے۔ ٹویٹر نے ایسا اس لئے کیا کیونکہ بینن نے کووڈ وبا کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاکی اور ایف بی آئی ڈاریکٹر کرسٹوفر رے کا سر قلم کرنے کا بیان دیا تھا ۔ ٹویٹر نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب امریکہ ہی نہیں پوری دنیاامریکی انتخابات کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے۔واضح رہے بینن نے اپنے یوٹیوب چینل ’بینن وار روم‘ میں یہ متنازعہ بیان دیا تھا ۔
صدر ٹرمپ کو لگا جھٹکا، مشی گن اور جارجیا میں دائر کئے گئے مقدمات خارج
امریکی انتخابات کے لئے جاری ووٹ شمار کے درمیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب ان کی طرف سے دو ریاستوں مشی گن اور جارجیا میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر کئے گئے مقدمات عدالت کی طرف سے خارج کر دئے گئے۔ صدر ٹرمپ نے مشی گن اور جارجیا دونوں ریاستوں میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی روکنے کی درخواست کی تھی جسے عدالتوں نے نامنظور کر دیا۔
مشکل ہو رہا ٹرمپ کا راستہ، ینواڈا اور ایریزونا میں بائڈن کی سبقت
پنسلوینیا (20 الیکٹورل ووٹ)، جارجیا (16 ووٹ)، نارتھ کورولائنا (15 ووٹ)، ایریزونا (11 ووٹ) اور نیواڈا (6 ووٹ) کے انتخابی نتائج کے بعد امریکی انتخابات کی تصویر پوری طرح صاف ہو جانے کی امیہد ہے۔ فی الحال ڈونلڈ ٹرمپ نارتھ کیرولائنا میں آگے چل رہے ہیں لیکن جارجیا میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ وہیں بائڈن نیواڈا اور ایریزونا میں سبقت بنائے ہوئے ہیں۔
بائڈن امریکہ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنےوالے صدارتی امیدوار
بائڈن ابھی باقائدہ صدر نہیں منتخب ہوئے ہیں لیکن انہوں نےایک تاریخ ضرور رقم کر لی ہے اور وہ تاریخ ہےکہ وہ امریکہ میں سب سےزیادہ ووٹ حاصل کرنے والے صدارتی امیدوار بن گئے ہیں۔ ابھی کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے لیکن انہوں نےیہ تاریخ پہلے ہی رقم کر لی ہے۔ اس کےلئے جہاں بائڈن کی اپنی شخصیت ، براک اوبامہ کا ساتھ ذمہ دار ہے وہیں اس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بھی بہت اہم کردار ہے۔ امریکی عوام میں ٹرمپ کےخلاف جوغصہ تھااس کی وجہ سے بھی بائڈن کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
بائڈن 300 سے زیادہ الیکٹورل ووٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں
تازہ رجحانات کے مطابق ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جو بائڈن کی کارکردگی بہتر ہو تی جا رہی ہے اور بہت امکان ہیں کہ وہ الیکٹورل ووٹوں کے مطلوبہ ہدف 270 سے کافی آگے نکل جائیں۔ جن ریاستوں کے نتائج ابھی آنے ہیں اور وہاں گنتی جاری ہے وہاں سے ملنے والےرجحانات نے صدر ٹرمپ کی نیند اڑا دی ہےاوریہی وجہ ہے کہ انہوں چند گھنٹے پہلے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی دھاندلی کاالزام لگایا ۔ دنیا کےتمام ممالک میں حزب اختلاف تو حکمراں جماعت پر انتخابی دھاندلی کے الزام لگاتی رہی ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بر سر اقتدار صدر ایسے الزام لگا رہا ہے۔ رجحانات کے مطابق پینسلوینیا، جارجیا،اریزونا اور نویدا کی ریاستوں میں جو بائڈن اب بہت اچھا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹرمپ کی بڑھت گھٹ رہی ہےاور کئی ریاستوں میں بائڈن کی بڑھت میں اضافہ ہورہا ہے۔
ٹرمپ نے ذہنی طور پر ہار مان لی ، اب تمام امیدیں عدالت سے
امریکہ کی کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہےاور ان تمام ریاستوں میں مقابلہ کانٹےکا ہے لیکن اسی بیچ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ ان نتائج کو لے کر عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کردیا کہ وہ ان نتائج کو قبول نہیں کرنے والے اورامریکی عوام کو ابھی کئی دن یا ماہ نئے صدر کا نام جاننے سے پہلے عدالتی فیصلوں کا انتظار کرنا پڑےگا ۔ انہوں نے ایک بار پھر کہاکہ وہ کسی کو اپنی جیت چرانے نہیں دیں گے۔صدر کے بیان سےیہ تو واضح ہو رہاہے کہ وہ انتخابات ہار رہےہیں جبھی وہ عدالت سے رجوع کرنے کی بات کررہے ہیں۔ واضح رہے جن ریاستوں میں گنتی جاری ہے وہاں صدر کی پارٹی کی لیڈ کم ہونے لگی ہے اور ڈیموکریٹس کے رہنما آگے آنے لگے ہیں اور یہ سب وہ ریاستیں ہیں جہاں صدر کی پارٹی ریپبلیکن بر سر اقتدار تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔