بائیڈن کی جیت امید، سچائی، ایمانداری اور شائستگی کی جیت ہے: کملا ہیرس

کملا ہیرس نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے ان کی جدو جہد اور امریکہ پر ان کے یقین کو یاد کیا، اس موقع پر انہوں نے انہوں نے ایشیا کے لوگوں کی اور خواتین کے حقوق کی بھی بات کی۔

امریکہ کی نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس / Getty Images
امریکہ کی نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس / Getty Images
user

سید خرم رضا

واشنگٹن: امریکہ میں باہر سے آنے والے خاندان سے تعلق رکھنے والی، پہلی سیاہ فام اور پہلی خاتون نائب صدر کملا ہیرس کا اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہیں تھا جب وہ جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ منتخب صدر کے ہمراہ خطاب کرنے آئیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی جیت نوجوان خواتین کے لئے امید ہے، کہ وہ ملک کی نائب صدر بن سکتی ہیں۔ کملا نے کہا کہ وہ اس عہدے کو حاصل کرنے والی پہلی خاتون ضرور ہیں لیکن آخری نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی عوام نے جس تاریخی اعتماد کا اظہار جو بائیڈن کے طور پر کیا ہے ان کا وہ اعتماد امید، سچائی، ایمانداری اور شائستگی پر ہے۔ انہوں نے امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بڑے دل والے ہیں۔ کملا نے کہا کہ ان کے بڑے دل کا اندازہ اس بات سے ہو جاتا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کو اور وہ بھی سیاہ فام کو اپنا نائب صدر مقرر کیا۔


کملا ہیرس نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے ان کی جدو جہد اور امریکہ پر ان کے یقین کو یاد کیا۔ انہوں نے ایشیا کے لوگوں کی اور خواتین کے حقوق کی بات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ وہ صدر کی اسی طرح وفادار رہیں گی جیسے صدر براک اوبامہ کے وہ خود رہے۔ انہوں نے کہا کہ راستہ مشکل ہے لیکن وہ عوام کے اعتماد پر کھرے اتریں گے۔ کملا نے کہا کہ امریکی عوام کو درپیش مسائل کو جو بائیڈن حل کریں گے اور امریکہ کا پرچم پوری دنیا میں لہرائیں گے۔

کملا ہیرس نے پارٹی ورکرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بڑی لمبی لڑائی لڑی ہے اور یہ لڑائی انہوں نے پوری شائستگی کے ساتھ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال تک لوگوں نے بہت دکھ اور غم برداشت کئے ہیں اور سماجی انصاف کے لئے پرچم لے کر کھڑے رہے ہیں۔ پورے خطاب میں کملا کی خوشی چھپائے نہیں چھپ رہی تھی کیونکہ یہ ان کے لئے ایک بڑا دن ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Nov 2020, 8:18 AM