کملا ہیرس امریکی صدر کے لیے ڈیموکریٹس کی جانب سے ڈونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ کریں گی
توقع کے مطابق صدر جو بائیڈن کی دستبرداری کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کو کملا ہیرس کی شکل میں نیا امیدوار مل گیا ہے اب ڈونالڈ ٹرمپ کا مقابلہ ان سے ہی ہوگا۔
امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے انتخابات ہوئے جس میں نائب صدر کملا ہیرس نے مطلوبہ ووٹ حاصل کیے۔ یہ اعلان ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے چیئرمین جیمی ہیریسن نے حامیوں کے ساتھ ایک کال کے دوران کیا۔ اس کے بارے میں نائب صدر کملا ہیرس نے کہا، "میں امریکہ کے صدر کے لیے ممکنہ ڈیموکریٹک امیدوار منتخب ہونے پر اعزاز محسوس کرتی ہوں۔
کملا ہیرس نے باضابطہ طور پر اپنی امیدواری کا اعلان اس وقت کیا جب موجودہ صدر جو بائیڈن نے 20 جولائی کو دوسری مدت کے لیے دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ امریکہ کے موجودہ نائب صدر اور آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار 6 اگست سے ان ریاستوں کے چار روزہ دورے پر ہوں گی جہاں مقابلہ سخت ہونے کی توقع ہے۔ ان کی انتخابی مہم کی ٹیم نے یکم اگست کو اس کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ ہی ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدارتی امیدوار کے لیے قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ نومبر 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں کملا ہیرس کے ساتھ ساتھ نائب صدارتی امیدوار کا نام بھی اب تک خفیہ رکھا گیا ہے اور امکان ہے کہ اس کا اعلان 6 اگست سے پہلے کر دیا جائے گا۔
امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے لیے پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو، ایریزونا کے سینیٹر مارک کیلی اور مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز سرفہرست ہیں۔ 59سالہ ہیرس واحد امیدوار ہیں جنہوں نے 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ٹیم کے مطابق، وہاں سے ہیرس اور ان کے ساتھی امیدوار 7 اگست کو وسکونسن میں ایو کلیئر اور مشی گن میں ڈیٹرائٹ، 8 اگست کو شمالی کیرولینا میں ریسرچ ٹرائنگل، 9 اگست کو ایریزونا میں فینکس اور 10 اگست کو نیواڈا میں لاس ویگاس جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔