الجزیرہ پر اسرائیلی پابندی میڈیا کی آزادی پر حملہ: ایمنسٹی انٹرنیشنل  

الجرزیرہ دفتر کی ایک پرانی تصویر (گیٹی امیج)
الجرزیرہ دفتر کی ایک پرانی تصویر (گیٹی امیج)
user

قومی آواز بیورو

لندن۔ حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل میں قطر کے الجزیرہ نیٹ ورک کے دفاتر کو بند کرنے سے متعلق صہیونی حکومت کے فیصلہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے میڈیا کی آزادی پر ایک شرمناک حملہ قرار دیا ہے۔ مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ کے ایمنسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مگدلینا مغربی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں میڈیا کی آزادی پر ایک شرمناک اور کھلا ہوا حملہ ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ تنقید کرنے والے میڈیا کو خاموش کرانے کی کوشش سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحافیوں کو یہ آزادی ہونی چاہئے کہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنا کام بخوبی انجام دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ اتوار کے روز اسرائیل نے قطر واقع الجزیرہ ٹی وی چینل پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے يروشلم میں اس کے بیورو آفس کو بند کرنے اور اس کے صحافیوں کی منظوری منسوخ کرنے کی بات کہی تھی۔ اسرائیل کے وزیر مواصلات ایوب قرا نے ٹی وی چینل پر دہشت گردی کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ کیبل ٹی وی چینل براڈکاسٹر الجزیرہ کے عربی اور انگریزی چینلز کی نشریات بند کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ چینل کے دفتر کو بند کرنے کے لئے آگے کی ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے پہلے، الجزیرہ چینل نے اسرائیل کے اس قدم کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قدم ایک ایسے ملک کی طرف سے اٹھایا گیا ہے جو مشرق وسطیٰ میں خود کو واحد جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ چینل نے کہا تھا کہ وہ اس اقدام کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Aug 2017, 12:00 PM