حوثی باغیوں کے ذریعہ غزہ کی حمایت سے اسرائیل فکرمند، بحر احمر کی سیکورٹی بڑھائی گئی
اسرائیل پر یمن سے ایک میزائل اور دو ڈرون لانچ کیے جانے کے بعد حالات کے جائزہ کی بنیاد پر بحر احمر میں جہازوں کو تعینات کیا گیا ہے، امریکی فوج بھی بحر احمر کے علاقہ میں تعینات ہے۔
یمن میں حکومت کر رہے حوثی باغیوں کے ذریعہ فلسطین کے غزہ میں مچی تباہی کی مخالفت میں اسرائیل کے خلاف جنگ کا اعلان کرنے کے بعد یہودی ملک کی فکر بڑھ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز کہا کہ یمن میں ایران حامی حوثی کے ذریعہ کئی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد اس نے بحر احمر علاقہ میں ہوائی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی ایک رپورٹ کے مطابق منگل کے روز یمن سے اسرائیل میں ایک میزائل اور دو ڈرون لانچ کیے جانے کے بعد حالات کے جائزہ کی بنیاد پر جہازوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ بحر احمر کے پاس اسرائیل کے سب سے جنوبی شہر ایلیٹ کے پاس بدھ کی صبح ایک حوثی میزائل کو انٹرسپٹ کر اسے ناکام کیا گیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ریسورٹ شہر ایلیٹ، جہاں تقریباً 50 ہزار لوگ رہتے ہیں، میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ پہنچے ہیں جن پر حال کے ہفتوں میں بمباری کی گئی ہے۔ اسرائیلی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) نے تصدیق کی ہے کہ حوثی حملوں سے بچانے کے لیے علاقے میں ہوائی سیکورٹی کی کئی سطحیں ہیں۔
اس درمیان امریکی فوج بھی بحر احمر میں تعینات ہے اور اس نے کئی حوثی میزائلوں اور ڈرونز کو روکا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق آئی ڈی ایف کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل بھی ان حملوں کا جواب دے سکتا ہے۔ انھوں نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری دفاعی تیاری بہت اعلیٰ سطح کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔