ایران نے اسرائیل پر داغے 400 بیلسٹک میزائل، آئی ڈی ایف الرٹ، ہندوستانی باشندوں کے لیے ایڈوائزری جاری
اسرائیل نے ایرانی میزائل لانچ ہوتے ہی اپنے سیکورٹی شیلڈ ’ڈوم‘ کو فعال کر دیا ہے، فی الحال اسرائیل کا پورا زور ایرانی میزائل کو روکنے پر ہے، اس درمیان شہریوں سے شیلٹر میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
حزب اللہ چیف حسن نصراللہ کی موت کے بعد بھی اسرائیل کے ذریعہ لبنان پر حملہ جاری ہے اور ہر طرف قتل کا بازار گرم ہے۔ اس درمیان ایران نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسرائیل پر حملہ کر دیا ہے۔ اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی طرف سے بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغی گئی ہیں جو تقریباً 10 لاکھ شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ آئی ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ دیر رات کی وہ ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں بیلسٹک میزائل آسمان میں دکھائی دے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے 400 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل اسرائیل پر داغے ہیں۔ حالانکہ کچھ رپورٹس میں 100 سے زائد میزائل داغے جانے کی خبریں دی جا رہی ہیں۔
اس درمیان آئی ڈی ایف نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد پورے اسرائیل میں سائرن کی آوازیں گونج رہی ہیں۔ شہریوں سے شیلٹر میں رہنے کی گزارش کی گئی ہے۔ خصوصاً وسطی اور جنوبی اسرائیل میں مقیم لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بنکر میں چلے جائیں۔ ساتھ ہی اسرائیل نے اپنے سیکورٹی شیلڈ ’آئرن ڈوم‘ کو فعال کر دیا ہے۔ اسرائیل کا پورا زور ایرانی میزائلوں کو ناکام بنانے پر ہے۔ ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئرن ڈوم نے ایرانی میزائلوں کو گرانا بھی شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم ہر طرح کی دھمکی اور حملے کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ حزب اللہ چیف نصراللہ کی موت کے بعد سے ہی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسرائیل پر بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔ ایران کی طرف سے بیلسٹک میزائل داغے جانے سے قبل امریکہ نے بھی اس حملہ کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ ایک امریکی افسر نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران اسرائیل پر میزائل حملہ کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ نے ایران کو سنگین نتائج بھگتنے کی تنبیہ بھی کی۔ امریکہ کی طرف سے انپٹ ملنے کے بعد آئی ڈی ایف نے بھی بیان دیا تھا کہ وہ مقابلہ کرنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔ ان بیانات کے درمیان اسرائیل میں دو بندوق برداروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس میں 4 لوگوں کی ہلاکت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ آئی ڈی ایف نے ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں حزب اللہ کے ذریعہ اسرائیل کو ہدف بنا کر راکیٹ حملہ کیے جانے کے منصوبہ کا بھی تذکرہ کیا۔ اب جبکہ ایران نے بیلسٹک میزائل سے حملہ کر دیا ہے تو اسرائیل کی پوری توجہ ان میزائلوں کو تباہ کرنے پر مرکوز ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ کو لے کر ایرانی کے اسلامک ریولیوشنری گارڈ کارپس کی طرف سے آفیشیل بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس میں اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ اور عباس نلفوروشن کو شہید بتایا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ان قتل کے جواب میں ہم نے اسرائیل پر درجنوں راکیٹس سے حملہ کیا ہے۔ اگر اسرائیل ان کا جواب دیتا ہے تو ہم مزید تباہناک حملہ کریں گے۔‘‘
اس کشیدگی والے وقت میں اسرائیلی وزیر مالیات بیجیلل اسموٹرچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’غزہ، حزب اللہ اور لبنان کی طرح ہی ایران کو بھی اس لمحہ کے لیے پچھتاوا ہوگا۔‘‘ دوسری طرف امریکی صدر جو بائڈن نے ایرانی حملہ کے بعد اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں اور مدد کے لیے تیار ہیں۔‘‘ بائڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایرانی میزائل کے حملوں سے بچانے اور علاقہ میں امریکی فوج کی حفاظت کرنے میں مدد کے لیے امریکہ پوری طرح تیار ہے۔
اس درمیان اسرائیل واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہندوستانی سفارتخانہ نے لکھا ہے کہ ’’علاقہ میں موجودہ حالات کے مدنظر سبھی ہندوستانی شہریوں کو الرٹ رہنے اور مقمای افسران کے بتائے سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ ملک اور ریاستوں کے اندر غیر ضروری سفر کرنے سے بچیں اور محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔ سفارتخانہ حالات پر باریکی سے نظر بنائے ہوئے ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔