نیویارک میں سیلاب سے حالات تباہ کن، سڑکیں تالاب میں تبدیل، ایمرجنسی کا اعلان
تیز بارش کے سبب نیویارک شہر میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں، لوگوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے اور سڑک پر لوگ اپنی اپنی کاروں میں پھنسے ہوئے ہیں، کئی علاقے غرقاب ہو گئے ہیں۔
امریکہ کا شہر نیویارک سیلاب کی وجہ سے تباہ کن حالات کا سامنا کر رہا ہے۔ صورت حال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انتظامیہ نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ تیز بارش کے سبب سیلاب والے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں جس کے بعد لوگوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے۔ سڑک پر کئی لوگ اپنی اپنی کاروں میں پھنسے ہوئے ہیں جن کے ریسکیو کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ کئی علاقے پوری طرح غرقاب ہو گئے ہیں اور ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دے رہا ہے۔
مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے اور ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ لوگوں کو کہیں بھی سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ تیز بارش اور سیلاب کے سبب شہر میں میٹرو خدمات کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ عام سڑکوں کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر بھی پانی جمع دکھائی دے رہا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ کچھ علاقوں میں 5 انچ سے بھی زیادہ بارش ہونے کی خبر سامنے آ رہی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ بارش 7 انچ تک پہنچ سکتی ہے۔
اس درمیان نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے اسٹیٹ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ ہوچل نے کہا کہ شہر کے کچھ حصوں میں پوری رات 5 انچ بارش ہوئی ہے اور دن میں 7 انچ بارش کا امکان ہے۔ حالانکہ افسرا نے بتایا کہ بارش اور سیلاب کے سبب کسی کے ہلاک ہونے کی جانکاری نہیں ہے۔ ویسے ٹریفک نظام پوری طرح سے ٹھپ پڑ گیا ہے۔ پریسیلا فونٹولیوں نامی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ وہ تین گھنٹے تک اپنی کار میں پھنسی رہی۔ فونٹولیوں کے مطابق انھوں نے اپنی زندگی میں ایسی صورت حال کبھی نہیں دیکھی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔