اڑتے ہوئے طیارہ میں لگی آگ، مشکل حالات میں کرائی گئی ایمرجنسی لینڈنگ، دیکھیں ویڈیو
بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ میں سوار سبھی کرو ممبرس محفوظ ہیں، لیکن کرو ممبرس کی تعداد کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔
طیارہ میں تکنیکی خامی اور آگ لگنے کے واقعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ تازہ واقعہ ایٹلس ایئرلائن کے ایک کارگو طیارہ کے ساتھ پیش آیا ہے جس میں پرواز کے دوران آگ لگ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز کے دوران ایٹلس ایئرلائن کے بوئنگ 8-747 کارگو طیارہ میں آگ لگی جس کے بعد فوری طور پر اس کی میامی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔
کارگو طیارہ میں آگ لگنے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جن میں اڑتے طیارہ سے آگ نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انجن میں خرابی کی وجہ سے طیارہ کے بائیں پنکھے میں آگ لگ گئی تھی۔ طیارہ کی رفتار زیادہ تھی اس لیے آگ کی لپٹیں ہوا میں پھیلتی ہوئی دکھائی دی۔ یہ خوفناک منظر کیمرے میں قید ہو گیا۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس میں فی الحال کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرس کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ میں کوئی بھی کرو ممبر زخمی نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ فوری طور پر یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ جہاز میں کتنے کرو ممبرس سوار تھے۔ ایٹلس ایئر نے ایک بیان ضرور جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’ہم تصدیق کرتے ہیں کہ ایک مال بردار طیارہ میامی بین الاقوامی ہوائی اڈہ سے روانگی کے فوراً بعد انجن میں خرابی کے بعد بہ حفاظت اتار لیا گیا۔‘‘ ایئرلائن کے مطابق کرو ممبرس نے سبھی ضروری اصولوں پر عمل کیا اور بہ حفاظت میامی ہوائی اڈے پر لوٹ آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔