ٹرمپ نے ذاتی وکیل کے دفتر پر چھاپوں کو ’ملک پر حملہ‘ قرار دیا

ایف بی آئی نے پیر کے روز صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن کے دفتر، گھر اور ہوٹل پر چھاپے مارے اور تلاشی بھی لی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ/Getty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ/Getty Images
user

یو این آئی

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے ان کے ذاتی وکیل کے دفتر پر چھاپوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے ملک پر حملہ قرار دیا ہے ۔ اسٹورمی ڈینیلیز کے وکیل مائیکل ایوانٹی کا کہنا تھا کہ مائیکل کوہن کےدفتراورگھر پر چھاپے ایک بہت سنجیدہ بات ہے ۔

ایف بی آئی نے پیر کے روز صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مائیکل کوہن کے دفتر گھر اور ہوٹل پر چھاپے مارے اور اس کی تلاشی بھی لی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی حکام نے فحش اداکارہ اسٹورمی ڈینیلز کو دی جانے والی رقم کی ادائیگی کے حوالہ سے دستاویزات کو قبضے میں لیا ہے ۔

مائیکل کوہن کے وکیل اسٹیفن ریان نے ان چھاپوں کو غیر مناسب اور غیر ضروری قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدامات اس لیے بھی غلط ہیں کیونکہ مائیکل کوہن نے تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کیا ہے ۔

مائیکل کوہن کی جانب سے 2016 میں اسٹورمی ڈینیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے جانے کے اعتراف کے بعد سے وہ شدید عوامی تنقید کی زد میں ہیں جبکہ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں رقم دیے جانے کا علم نہیں۔

دوسری جانب اسٹورمی ڈینیلیز کے وکیل مائیکل ایوانٹی کا کہنا تھا کہ مائیکل کوہن کے دفتر اور گھر پر چھاپا بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ معاملہ بگڑ گیا ہے ،صدر ٹرمپ کو بھی یقیناً تشویش ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل کونسل کو کچھ تو سراغ ملا ہوگا جو چھاپے کی وجہ بنا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔