مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازعید الاضحیٰ ادا، دنیا کے کئی خطوں میں محتاط طریقے سے منائی گئی عید
ترکی کی راجدھانی استنبول میں 86 برس بعد آیا صوفیہ مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ اس موقع پر اسلام کی حقیقی سر بلندی، مسلمانوں کی ترقی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی میں نمازِ عید الاضحیٰ انتہائی محتاط طریقے سے ادا کی گئی۔ اب حجاج جانور کی قربان دیں گے۔ یہ عمل تین روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران میں حجاج کرام اپنے سر منڈوائیں گے اور کعبۃ اللہ کا آخری طواف ’’طواف زیارہ‘‘ کریں گے اور یوں ان کے مناسکِ حج کی تکمیل ہوجائے گی۔
بہر حال، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہونے والی نماز عید کے اجتماعات میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ نمازِ عید ادا کی گئی۔ سعودی حکام کی جانب سے عید الاضحیٰ کی نماز کچھ مساجد میں ادا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے تنبیہ کی گئی تھی کہ کورونا وائرس کے مد نظر احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس سال کھلے میدانوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس درمیان کورونا وائرس کے پیش نظراحتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے آج عید الاضحیٰ کا تہوار تمام خلیجی ممالک، سعودی عرب، امریکہ، ترکی اور یورپ کے کئی ملکوں میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ افغانستان، مصر، کویت، اردن، بحرین، قطر، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
مسجد الحرام ، مسجد نبوی سمیت مختلف مساجد میں نمازِ عید کے محتاط اجتماعات منعقد کئے گئے۔ حجاج سمیت دیگر لوگوں کی خاصی تعداد نے دوگانہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسلام کی حقیقی سر بلندی، مسلمانوں کی ترقی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ ترکی کی راجدھانی استنبول میں 86 برس بعد آیا صوفیہ مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔
متحدہ عرب امارات میں بھی عیدالاضحیٰ کےموقع پر کورونا وائرس سے بچاو کے اندیشوں کے پیشِ نظر سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ نمازِ عید کے اجتماعات کے بجائے گھروں میں نماز ادا کی گئی اور جانوروں کی قربانی بھی بلدیاتی اداروں کی طرف سے مخصوص مذبح خانوں میں کی جا رہی ہے۔ انڈونیشیا میں بھی عیدالاضحیٰ کی نمازوں کا اہتمام کورونا وائرس کے سبب سماجی فاصلوں کے ساتھ کیا گیا، نمازیوں نے ماسک پہن کر نمازِ عید ادا کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Jul 2020, 12:19 PM