نیپال میں لگاتار ہو رہی بارش سے ہر طرف سیلاب کا نظارہ، کئی شہر زیر آب، تقریباً 40 افراد جاں بحق

سیلاب کی وجہ سے کم از کم 225 گھر ڈوبنے اور 11 افراد کے لاپتہ ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، متاثرہ علاقوں میں نیپال پولیس کی طرف سے تقریباً 3000 سیکورٹی اہلکاروں کی بچاؤ ٹیم تعینات کی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نیپال میں سیلاب کا منظر، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

نیپال میں سیلاب کا منظر، تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے پڑوسی ملک نیپال میں اس وقت قدرت کا قہر نازل ہو رہا ہے۔ ملک میں لگاتار ہو رہی بارش نے لوگوں کو پریشان کر دیا ہے اور ہر طرف سیلاب کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کئی شہروں میں لوگ خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ سینکڑوں گھر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق نیپال میں سیلاب کی وجہ سے تقریباً 40 افراد کی موت ہو گئی ہے۔

موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ کے روز سے ہی نیپال کے کئی علاقے بارش کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ چونکہ بارش کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے، اس لیے حالات مزید تشویش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تیز بارش کے سبب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران نے اچانک سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مائی ریپبلکا ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاٹھمنڈو میں 9، للت پور میں 16، بھکت پور میں 5، کورے پالن چوک میں 3، پنچتھر اور دھنکوٹا میں 2-2 اور جھاپا و دھاڈنگ میں 1-1 شخص کی موت ہوئی ہے۔


ایک مقامی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 11 افراد لاپتہ بھی ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کاٹھمنڈو میں ہی تقریباً 225 گھر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ دیگر علاقوں میں بھی مشکل حالات کا سامنا ہے۔ اس درمیان متاثرہ علاقوں میں نیپال پولیس کی طرف سے تقریباً 3000 سیکورٹی اہلکاروں کی بچاؤ ٹیم کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔