’’کورونا ویکسین سے انسان مگرمچھ بن سکتا ہے، خواتین کی داڑھی نکل سکتی ہے‘‘

برازیلی صدر بولسونارو کے دعوے کے مطابق دواساز ادارے کا کہنا ہے کہ اگر ویکسین لگنے کے بعد آپ مگرمچھ بن گئے، آپ سپر ہیومن بن جائیں یا کسی خاتون کی داڑھی نکل آئے تو یہ ہمارا قصور نہیں ہوگا۔

برازیل کے صدر جیئر بولسونارو
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو
user

یو این آئی

براسیلیا: برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے اس استدلال کے ساتھ کہ ویکسن ساز فائزر کا کہنا ہے کہ وہ اس کے ضمنی اثرات(سائیڈ ایفکیٹس) کے ذمہ دار نہیں، کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگانے سے انسان مگر مچھ بن سکتا ہے یا خواتین کی داڑھی نکل سکتی ہے۔

برازیلی صدر نے، جو کورونا کے حوالے سے شروع دن سے اپنے بیانات کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں، ایسا بیان اس وقت دیا ہے جب وہ ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن مہم کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نےاسے ملک بھر میں مفت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا کہ یہ ویکسین سب کے لئے مفت ہے لیکن اسے لگوانے کے لیے کسی کو مجبور نہیں کیا جائے گا۔


جولائی میں کورونا کا شکار ہونے والے جیئر بولسونارو کا کہنا ہے کہ وہ خود کورونا کی ویکسین نہیں لگوائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فائزر کے معاہدے میں یہ بات واضح ہے کہ وہ اس کے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفکیٹس) کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ جیئر بولسونارو کے دعوے کے مطابق دواساز ادارے کا کہنا ہے کہ اگر ویکسین لگنے کے بعد آپ مگرمچھ بن گئے تو یہ آپ کا مسئلہ ہے، اگر آپ سپر ہیومن بن جائیں یا کسی خاتون کی داڑھی نکل آئے یا کسی شخص کی آواز بدل جائے تو یہ ہمارا قصور نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ برازیلی صدر نے کورونا کے آغاز میں اسے معمولی فلو قرار دیا تھا اور جب بڑی تعداد میں شہری کورونا کا شکار ہونے لگے تو ان کی حکومت نے مریضوں کی اصل تعداد بتانے کا سلسلہ بھی روک دیا تھا جس پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ برازیل میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 71 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے اور اب تک تقریباً ایک لاکھ 85 ہزار افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ قابل ذکریہ بھی ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے برازیل میں فائزر اور بائیون ٹیک کی بنائی گئی ویکسین کی آزمائش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔