نیوزی لینڈ میں بھی اب روزانہ بڑھ رہے کورونا کیسز، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 نئے مریض آئے سامنے

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے کورونا انفیکشن کے تازہ کیسز کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد نیوزی لینڈ میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1293 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
user

تنویر

کورونا انفیکشن پر پوری طرح قابو پانے کے بعد ایک بار پھر نیوزی لینڈ میں اس وائرس کا پھیلاؤ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے حکومت تشویش میں مبتلا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ایک بار پھر نیوزی لینڈ میں روزانہ کورونا انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ منگل کے روز محکمہ صحت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد نیوزی لینڈ میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1293 ہوگئی ہے۔ چونکہ ملک میں حالات کافی بہتر ہو گئے تھے اور نئے معاملے بھی سامنے نہیں آ رہے تھے اس لیے عوام مطمئن تھی اور یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اب سبھی طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور لاک ڈاؤن کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ لیکن کورونا وبا کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے کچھ مقامات پر لاک ڈاؤن کا نفاذ بھی کرنا پڑا۔


اس درمیان وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے عام انتخابات کو بھی چار ہفتوں، یعنی 17 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ یہ اعلان آرڈرن نے پیر کے روز ہی کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ "ہمیں کچھ عرصہ کووڈ-19 کے ساتھ رہنا پڑے گا۔ یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ الیکشن ملتوی کرنے سے خطرہ کم ہو جائے گا۔"انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتخابات کی تاریخ میں دوبارہ تبدیلی نہیں کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔