بیروت دھماکہ: عالمی رہنماؤں کا لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی
دنیا کے لگ بھگ تمام رہنماؤں نے لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے
بیروت: دنیا کے تقریباً تمام رہنماؤں نے لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسکی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بندرگاہ پر منگل کی شام ایک زبردست دھماکے میں کم از کم 78 افراد ہلاک اور 4000 سے زائد دیگر زخمی ہوگئے تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں خوفناک دھماکے کو حملہ قرار دیتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ٹرمپ نے منگل کی شام صحافیوں کو بتایا ’’یہ ایک خوفناک حملہ لگتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ لبنان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد میں تیار ہے۔ اسرائیلی صدر روون ریولن نے کہا کہ اسرائیل کے عوام اپنے ہمسایہ ملک لبنان کے عوام کے درد کو سمجھتے ہیں اور بحران کی اس گھڑی میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ روولن نے ٹوئٹر پر لکھا’’ہم لبنانی عوام کے درد کو سمجھتے ہیں اور اس کو بانٹنے میں اس مشکل وقت میں ان کی مدد کرنے کی پیش کش کرتے ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاھو نے ملک کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ میر بین شباط کو ہدایت کی ہے کہ وہ لبنان کی مدد کے لئے مغربی ایشیاء امن عمل کے لبنان کے خصوصی کوآرڈی نیٹر سے مشورہ کریں۔مسٹر نیتن یاہو نے ٹوئٹ کیا ’’اسرائیل لبنان کی کس طرح سے مدد کرسکے اس کے لئے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ملک کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ میر بین شباط کو مغربی ایشیاء امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈی نیٹر سے مشورہ کرنے کے لئے بلایا اور ہدایات دی ہیں،تاکہ یہ واضح ہو کہ اسرائیل لبنان کی کس طرح مدد کرسکتا ہے‘‘۔
فرانس پہلا ملک ہے جس نے لبنان کی مدد کے لئے امداد بھیجی ہے۔ فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے ٹوئٹ کیا ’’میں بیروت میں ہونے والے دھماکے کے بعد لبنان کے عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبے سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں‘‘۔ لبنان کی امداد کے لئے فرانس سے ضروری سامان بھیجا گیا ہے‘‘۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی لبنان کے عوام سے اظہار یکجہتی اور تعزیت کرتے ہوئے مدد کی پیش کش کی ہے۔
جانسن نے ٹوئٹ کیا’ ’بیروت کی تصاویر اور ویڈیوز حیران کن ہیں۔ میری تعزیت اور دعائیں اس حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ برطانیہ اپنے شہریوں سمیت لبنان کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بحران کی اس گھڑی میں ان کا ملک لبنان کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
ٹروڈو نے ٹویٹ کیا ’’بیروت سے انتہائی افسوسناک خبریں آ رہی ہیں۔ کینیڈا کے عوام لبنان کے ان تمام لوگوں کیلئے متفکر ہیں جو اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں اور جو اپنے کنبہ اور دوستوں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری تعزیت اور دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ ہم ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔‘‘اس کے علاوہ ، یوروپی یونین ، شام کے صدر بشار الاسد ، ترک صدر رجب طیب اردگان ، یوکرین کے صدر ولادمیر زیلنسکی اور بہت سے دوسرے عالمی رہنماؤں نے لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مدد کی پیش کش کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Aug 2020, 11:58 AM