پوجا منڈپ میں قرآن لے جانے والا شخص گرفتار
72 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 450 افراد کو بشمول اس شخص کے جس نے درگا منڈپ کی متنازعہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، گرفتار کیا ہے۔
بنگلہ دیش میں پولس نے گزشتہ ہفتے کمیلہ شہر میں ایک درگا پوجا منڈپ میں قرآن پائے جانے کے بعد ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کو جانچنے کے بعد پولس نے 30 سالہ اقبال حسین نامی شخص کی شناخت کی ہے، جو کمیلہ کا باشندہ ہے، جس نے یہ حرکت کی تھی اور تازہ خبروں کے مطابق پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک شخص آدھی رات کے بعد ہاتھ میں قرآن لے کر مندر کی طرف چل رہا ہےاور تھوڑی دیر کے بعد اسے ہنومان کا گدا لے کر لوٹتے ہوئے نظر آرہا ہے۔ پوجا منڈپ کی سی سی ٹی وی کام نہیں کر رہا تھا، جب قریبی مکان سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاشی لی گئی تو حقیقت سامنے آئی۔
بھگوان ہنومان کی گود میں رکھے ہوئے قرآن کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جو وائرل ہونے کے بعد ہجوم نے کمیلہ میں اقلیتی ہندو برادری کے مندروں، گھروں اور کاروباری اداروں پر حملہ کیا۔ اس کے بعد نواکھلی، رنگ پور اور بنگلہ دیش کے کئی دیگر مقامات سے 13-16 اکتوبر کے درمیان اگلے چند دنوں میں اسی طرح کے واقعات ہوئے۔
13 اکتوبر کے بعد پولس نے مندروں میں توڑ پھوڑ اور گھروں اور ہندوؤں کے تجارتی اداروں میں توڑ پھوڑ کے 72 مقدمات درج کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، 450 افراد کو بشمول اس شخص کے جس نے درگا منڈپ کی متنازعہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، گرفتار کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔