افغانستان: لگاتار تین دھماکوں سے دہل اٹھا کابل

پہلا دھماکہ کابل کے مغرب میں واقع دشت برچی میں ہوا اور اس کے بعد دو دھماکے شہر نو میں کئے گئے۔ دشت برچی میں جس مقام پر دھماکہ ہوا ہے وہ پولس ہیڈ کوارٹر سے تھوڑی ہی دوری پر واقع ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

افغانستان کی راجدھانی کابل میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے ، اس کے بعد حملہ آوروں نے ایک عمارت پر قبضہ کر لیا اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ سیکورٹی فورس نے پورے علاقے کا گھیراؤ کیا ہوا ہے اور حملہ آوروں اور حفاظتی دستوں کے بیچ گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

خبروں کے مطابق پہلا دھماکہ کابل کے مغرب میں واقع دشت برچی میں ہوا اور اس کے بعد دو دھماکے شہر نو میں کئے گئے۔ دشت برچی میں جس مقام پر دھماکہ ہوا ہے وہ پولس ہیڈ کوارٹر سے تھوڑی ہی دوری پر واقع ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے نتیجہ میں کم از کم 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ افغانستان کے وزیر صحت وحید اللہ مجروح کا کہنا ہے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 22 اپریل کو دشت برچی میں ہی ایک خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 57 افراد جان بحق ہوئے تھے۔ ووٹر رجسٹریشن مرکز پر ہونے والے اس خود کش بم دھماکے کی ذمہ داری داعش نے لی تھی اور طالبان نے اس حملے میں اپنا ہاتھ ہونے سے انکار کیا ہے۔

علاوہ ازیں افغانستان کے صوبہ بغلان میں 6 مئی کو کچھ نامعلوم بندوق برداروں نے ایک کمپنی میں کام کر رہے 7 ہندوستانی انجینئروں سمیت 8 ملازمین کو اغواکر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔