لیبیا: امریکی ڈرون حملہ میں القاعدہ کمانڈر ہلاک

2013 میں الجزائر میں موسی ابو داؤد نے فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے نو فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا اور بیرون ممالک دہشت گردی کے کئی واقعات میں بھی ملوث رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: لیبیا میں امریکہ کے فضائی حملہ میں شدت پسند تنظیم القاعدہ کے سینئر کمانڈر موسی ابو داؤد سمیت ایک جنگجو ہلاک ہو گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پیٹاگن سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ نے لیبیا کے علاقے اُوباری میں واقع دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں القاعدہ کا سینئر رہنما موسی ابو داؤد اپنے ساتھی جنگجو کے ہمراہ مارا گیا ہے۔ موسی ابو داؤد نوجوانوں کی ذہن سازی کیا کرتا تھا اور انہیں عسکری تربیت فراہم کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔

افریقہ میں امریکی کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیبیا میں کی گئی فضائی کارروائی امریکہ کا اس سال کا کیا گیا دوسرا فضائی حملہ تھا جس میں توقع کی مطابق کامیابی ملی جبکہ یہ پہلی کارروائی تھی جس میں القاعدہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔

پنٹاگن سے جاری بیان کے مطابق موسی ابو داؤد نے 2013 میں الجزائر میں فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے نو فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا اور بیرون ممالک دہشت گردی کے کئی واقعات کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث رہا ہے۔ موسی ابوداؤد دہشت گردی کی کارروائی کے لیے شدت پسند نوجوانوں کی عسکری تربیت بھی کیا کرتا تھا۔

واضح رہے کہ 2011 میں ہونے والی بغاوت کے نتیجے میں حکمراں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے لیبیا میں ناٹو اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ نگراں حکومت الوفاق الوطنی امور حکومت انجام دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔