پنج شیر، طالبان کا دعوی احمد مسعود سے سمجھوتہ ہو گیا لیکن مسعود نے کہا بات چیت جاری

پنج شیر میں ابھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے جبکہ طالبان نے دعوی کیا تھا کہ احمد مسعود کے ساتھ سمجھوتہ ہو گیا ہے لیکن احمد مسعود نے کہا ہے کہ ابھی بات چیت جاری ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پنج شیر میں طالبان کو مخالفت کا سامنا ہے اور یہ مخالفت ابھی جاری ہے جبکہ طالبان نے کل اچانک یہ اعلان کر دیا کہ نیشنل رزسٹینس فرنٹ کے رہنما احمد مسعود سے سمجھوتہ ہو گیا ہے ۔ طالبان کی جانب سے یہ دعوی ان کے اعلی رہنما خلیل الرحمن حقانی نے کیا اور انہوں نے کہا کہ احمد مسعود نے طالبان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حقانی کے اس اعلان کے کچھ دیر بعد ہی احمد مسعود کی جانب سے پنج شیر کے ٹویٹر ہینڈل سےصفائی آئی کہ ابھی طالبان سے بات چیت جاری ہے۔

احمد مسعود کی جانب سے طالبان کے دعوے پر کہا گیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ حکومت کی تشکیل پر بات کر رہے ہیں لیکن ابھی تک اس تعلق سے کوئی حتمی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے احمد مسعود کا نیشنل رزسٹینس فرنٹ ابھی تک طالبان سے صرف لڑنے اور اسے روکنے کی قسمیں کھا رہا تھا لیکن وہ بھی اب طالبان کے ساتھ بات چیت کی میز پر آ گیا ہے۔ جبکہ پنج شیر کے ٹویٹر ہینڈل پر احمد مسعود کا ایک ویڈیو بھی جاری کیا گیا ہے جس میں مسعود آزاد ملک کی بات کرتے ہیں اور اللہ کے نام پر اپنے لوگوں کی لڑائی لڑنے کی بات کر رہے ہیں۔


ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ امر اللہ صالح جن کی طالبان سے پرانی دشمنی ہے وہ طالبان کے دعووں پر بالکل خاموش ہیں ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کابل پر طالبان کے قبضہ کے بعد سے صالح پنج شیر میں ہی موجود ہیں اور انہوں نے ٹویٹ کے ذریعہ طالبان کو چیلنج بھی کیا ہے۔ان حالات میں دیکھنا یہ ہے کہ طالبان اور احمد مسعود کے بیچ ہونے والی بات چیت کس نتیجے پر پہنچتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔