امریکہ میں اندوہناک حادثہ، بالٹیمور ہاربر پُل سے ٹکرایا مال بردار جہاز، کئی ہلاکتوں کا اندیشہ

کوسٹ گارڈ فورس کے افسر کا کہنا ہے کہ جہاز پر سنگاپور کا پرچم لگا تھا، مال بردار جہاز کا نام ڈالی ہے اور وہ 948 فیٹ لمبا ہے، یہ جہاز بالٹیمور سے کولمبو کے لیے روانہ ہوا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

امریکہ کے بالٹیمور شہر میں پٹاپسکو ندی پر بنے تاریخی ’فرانسس اسکاٹ کی پُل‘ سے آج صبح ایک مال بردار جہاز (کارگو شپ) ٹکرا گیا جس سے یہ پُل بری طرح منہدم ہو گیا اور اس پر موجود کئی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ کچھ چلتے ہوئے لوگ بھی ندی میں گر گئے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ پُل منہدم ہونے سے کم از کم 7 افراد اور درجنوں کاریں ندی مین گر گئی ہیں، جس کی وجہ سے کئی ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔

بالٹیمور کے فائر ڈپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ایک بڑا مال بردار جہاز منگل کو اس پُل سے ٹکرا گیا۔ راحت اور بچاؤ مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے اور نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ بالٹیمور ہاربر کو پار کرنے والے اس پُل کے ساتھ پیش آئے اندوہناک واقعہ کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔


اس درمیان میری لینڈ ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی پار کرنے کے لیے دوسرا راستہ اختیار کریں اور فرانسس اسکوٹ کی پُل کی طرف نہ جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انتظامیہ نے ندی کے راستے کو دونوں ہی طرف سے روک دیا ہے اور ٹریفک کو دوسری طرف کے لیے ڈائیورٹ کر دیا گیا ہے۔ اس واقعہ کے تعلق سے پولیس نے بتایا کہ بڑی تعداد میں لوگ ندی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بالٹیمور کے فائر ڈپارٹمنٹ نے تو یہ بھی تصدیق کر دی ہے کہ اس حادثہ میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ حالانکہ ابھی تک کوئی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔

بالٹیمور کے میئر برانڈون ایم اسکاٹ نے اس حادثہ کے بعد رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ٹیم بڑے پیمانے پر راحت و بچاؤ کاری میں مصروف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پل تقریباً 3 کلومیٹر طویل تھا جس سے مال بردار جہاز علی الصبح تقریباً 1.30 بجے ٹکرایا۔ برانڈون کے مطابق ایجنسیوں کو اطلاع دی گئی ہے کہ ٹکر مارنے والا جہاز بالٹیمور سے جا رہا تھا تبھی پُل سے ٹکر ہوئی اور وہ منہدم ہو گیا۔


امریکی ٹی وی چینل سی این این کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک حادثہ ہے اور اس سے کئی طرح کے سوال بھی اٹھ رہے ہیں۔ یہ امریکہ کے انتہائی اہم پُلوں میں شامل تھا۔ یہ پُل نہ صرف بالٹیمور علاقے کے لیے اہمیت رکھتا تھا، بلکہ جو لوگ واشنگٹن اور نیویارک جانا چاہتے تھے، ان کے لیے بھی ضروری تھا۔ اس پر دن بھر بڑی تعداد میں گاڑیاں گزرتی تھیں۔ افسران نے تو اس حادثہ کو ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ کے بعد پُل میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے کئی گاڑیاں نیچے پانی میں گر گئیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پُل جب منہدم ہوا تو کچھ کنسٹرکشن ملازمین بھی وہاں پر موجود تھے جو ندی میں گر گئے۔ اس درمیان کوسٹ گارڈ فورس کے ایک افسر نے بتایا کہ جہاز پر سنگاپور کا پرچم لگا ہوا تھا۔ اس جہاز کا نام ڈالی ہے اور وہ 948 فیٹ لمبا ہے۔ یہ جہاز بالٹیمور سے کولمبو (سری لنکا) کے لیے روانہ ہوا تھا جو فرانسس اسکاٹ کی پُل سے ٹکرا گیا۔ اس پُل کا نام امریکہ کے مشہور رائٹر فرانسس اسکاٹ کے نام پر رکھا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔