بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں ایک عمارت کے اندر زوردار دھماکہ، 14 افراد ہلاک 100 سے زائد زخمی
دھماکہ گلستان علاقہ واقع ایک کثیر منزلہ عمارت میں شام تقریباً 4 بجے ہوا، راحت و بچاؤ کا عمل فوری طور پر شروع ہو گیا اور زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا۔
بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں ایک زوردار دھماکہ کی زد میں آنے سے کم از کم 14 افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ ایک عمارت میں ہوا جس میں 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال میں علاج کے لیے لے جایا گیا ہے جہاں کچھ کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ یعنی مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دھماکہ گلستان علاقہ واقع ایک کثیر منزلہ عمارت میں شام تقریباً 4 بجے ہوا۔ راحت و بچاؤ کا عمل فوری طور پر شروع ہو گیا اور زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا۔ جس عمارت میں دھماکہ ہوا وہ 7 منزلہ بتائی جا رہی ہے۔ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر یہ دھماکہ ہوا لیکن ابھی تک اس دھماکے کی وجہ کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بلڈنگ میں سینیٹری پروڈکٹس کے کئی اسٹور ہیں اور اس کے بغل کی عمارت میں بی آر اے سی بینک کی برانچ ہے۔ دھماکہ سے بینک کی شیشے کی دیواریں ٹوٹ گئیں اور سڑک کی دوسری طرف کھڑی ایک بس کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 4 مارچ کو بنگلہ دیش میں چٹگاؤں سیتاکنڈ واقع قدم رسول (کیشب پور) علاقہ میں ایک آکسیجن پلانٹ میں دھماکہ ہوا تھا۔ اس میں 6 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ دھماکہ میں 30 سے زائد لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آکسیجن پلانٹ سے دو کلومیٹر دور موجود عمارتوں میں بھی اس کی گونج سنائی دی تھی۔ 5 لوگوں کی موت تو آکسیجن پلانٹ میں ہی ہو گئی تھی جب کہ آکسیجن پلانٹ سے تقریباً ایک کلومیٹر دور دکان میں بیٹھے 65 سالہ شمس العالم کی موت کوئی بھاری چیز ان پر گرنے سے ہوئی تھی۔ مہلوک کے بھائی نے بتایا کہ دھماکہ کے بعد تقریباً 250 سے 300 کلوگرام وزنی ایک سامان ان کے اوپر گر گیا تھا جس سے موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔