ہیلی کاپٹر حادثہ میں امریکہ کے 5 مرین کمانڈو ہلاک، تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا حادثہ
امریکی مرین کورپس نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں مرین ایئرکرافٹ وِنگ میں مرین ایئرکرافٹ گروپ 16 کے مرین ہیوی ہیلی کاپٹر اسکواڈرن 361 سے جڑے 5 بحری فوجیوں کی موت کی تصدیق کی جاتی ہے۔
امریکہ کے کیلیفورنیا میں ایک خوفناک ہیلی کاپٹر حادثہ میں بحریہ کے پانچ افسران کی موت ہو گئی ہے۔ یو ایس مرین کورپس نے جمعرات کو اس سلسلے میں تصدیق کی۔ حالانکہ یہ حادثہ 6 فروری کو پیش آیا تھا۔ یو ایس مرین کورپس کا کہنا ہے کہ منگل کے روز کیلیفورنیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادچہ ہوا جس میں پانچ بحری فوجیوں کی موت ہو گئی۔ بحریہ کے یہ فوجی ایک تربیتی پرواز کے دوران مارے گئے۔ فوج نے کہا کہ سی ایچ-53 ای سپر اسٹیلین ہیلی کاپٹر منگل کو نوادا میں کریچ ایئر فورس بیس سے مرین کورپس ایئر اسٹیشن مرامار کے لیے پرواز بھرتے وقت حادثہ کا شکار ہو گیا۔
امریکی مرین کورپس نے بتایا کہ 6 فروری 2024 کو سی ایچ-53 ای ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوا جس کے بعد مرین ایئرکرافٹ وِنگ میں مرین ایئرکرافٹ گروپ 16 کے مرین ہیوی ہیلی کاپٹر اسکواڈرن 361 سے جڑے پانچ بحری فوجیوں کی موت کی تصدیق کی جاتی ہے۔ ان فوجیوں کی لاشیں بکھرے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے جن کو برآمد کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حادثہ کی جانچ چل رہی ہے اور یہ پتہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر یہ واقعہ کیوں پیش آیا۔
واضح رہے کہ مرین کمانڈوز کو دنیا کی بہترین فوجیوں میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ امریکی صدر نے اس حادثہ کے بعد ہلاکتوں کی تصدیق ہونے پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’ہم ان کے کنبوں، ان کے اسکواڈرن اور یو ایس مرین کورپس کے تئیں اپنی گہری ہمدردی ظاہر کرتے ہیں کیونکہ ہم اپنے ملک کے پانچ بہترین جنگجوؤں کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔