’بنگلہ دیش میں محمد یونس نہیں، 28 سالہ ایک نوجوان چلا رہا حکومت‘، مشہور مصنفہ تسلیمہ نسرین کا دعویٰ
تسلیمہ نسرین کا کہنا ہے کہ محمد یونس کی کتھنی اور کرنی میں فرق ہے، وہ اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام تو دیتے ہیں لیکن یہ زمین پر نظر نہیں آ رہا ہے۔
بنگلہ دیش میں اس وقت نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت حالات بہتر بنانے کے لیے سرگرمی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس درمیان مشہور اور متنازعہ مصنفہ تسلیمہ نسرین نے ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس نے عالمی سطح پر ہلچل پیدا کر دی ہے۔ تسلیمہ نسرین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا بنگلہ دیش میں حکومت کا مکمل کنٹول 84 سالہ بزرگ یونس کے ہاتھوں میں ہے؟ یا ان کے پیچھے کسی اور کا ہاتھ ہے؟ یہ سوال اٹھانے کے بعد وہ دعویٰ کرتی ہیں کہ بنگلہ دیش کی حکومت 28 سالہ ایک نوجوان چلا رہا ہے۔
تسلیمہ نسرین نے اس معاملے میں سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ کی ہے جس میں اشارتاً بتایا ہے کہ بنگلہ دیش حکومت جو نوجوان چلا رہا ہے اس کا نام محفوظ عالم ہے۔ اپنی پوسٹ میں عبوری حکومت سے متعلق تسلیمہ نسرین نے کہا کہ محمد یونس کی کتھنی اور کرنی میں فرق ہے۔ وہ اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام تو دیتے ہیں، لیکن یہ زمین پر نظر نہیں آ رہا۔ ان کی قیادت میں بھی اقلیتوں پر حملے اور دھمکیاں جاری ہیں۔ درگا پوجا کے موقع پر شدت پسندوں نے سخت تنبیہ کس طرح جاری کی؟ اس سے صاف ہے کہ حکومت پر محمد یونس کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
اپنی پوسٹ میں تسلیمہ نسرین نے کئی مقامات پر تلخ انداز اختیار کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ شیخ حیسنہ کی حکومت کے زوال سے متعلق پہلے لوگوں نے امریکہ کی طرف انگلی اٹھائی۔ کچھ لوگوں کے مطابق بنگلہ دیش میں انقلاب کے پیچھے چین کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں یہ صاف کیوں نہیں ہو رہا کہ بنگلہ دیش کے پیچھے کون سی طاقت ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت 28 سال کے ایک نوجوان کے ہاتھوں میں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محفوظ عالم 16-2015 میں ڈھاکہ یونیورسٹی میں لاء کا طالب علم تھا۔ محفوظ کو ’گنونتانترک چھاتر شکتی‘ نامی اسٹوڈنٹ یونین کے لیڈر کی شکل میں جانا جاتا ہے۔ وہ شیخ حسینہ مخالف تحریک کی رابطہ کمیٹی کا کوآرڈنیٹر رہا ہے۔ 28 اگست کو اسے کانٹریکٹ کی بنیاد پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر (محمد یونس) کے خصوصی معاون کی شکل میں مقرر کیا گیا۔ اسے دفاع اور قومی اتحاد کے فروغ سے متعلق ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے چیف ایڈوائزر کی مدد کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔