یوم مزدور: تاریخ کا اہم دن خود تاریخ ہوتا جا رہا ہے

آج کا دن دنیا کے کئی ممالک میں یوم مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ بدلتے حالات میں اس اہم دن کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دنیا بھر میں الگ الگ تاریخوں کو الگ الگ چیزوں سے منسوب کیا جاتا ہے ۔ کسی تاریخ کو مدرس ڈے، کسی کو بیٹیوں کا دن یعنی ڈاٹرس ڈے وغیرہ وغیرہ اور آج کی تاریخ کو یعنی یکم مئی کو کئی ممالک میں مزدوروں سے منسوب کیا جاتا ہے ۔ اسے یوم مزدور بھی کہا جاتا ہے اور لیبر ڈے بھی کہا جاتا ہے ۔اس تاریخ کو ہم یوم مزدور کے طور پر ہر سال کیوں یاد کرتے ہیں اور آج کے دن ایسا کیا ہوا تھا کہ ہم نے اس کو مزدوروں سے منسوب کیا ہوا ہے۔

دراصل یکم مئی 1886کوامریکی شہر شکاگو میں اپنے حقوق کیلئے جمع ہوئے مزدوروں پرپولیس نے گولی چلا دی تھی۔یہ واقعہ عدالت میں گیا اور اس واقعہ کا مقدمہ 21 جون 1886 کو کریمنل کورٹ میں چلا۔ دفاع میں کسی کو صفائی پیش کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ ۔ اٹارنی جنرل نے عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سماج کو بچانے کے لیے ان مزدوروں کو سزا دی جائے جس پر19 اگست کو پانچ مزدور رہنماؤں کو سزائے موت سنائی گئی۔


پانچ مزدوروں کو موت کی سزا کے علاوہ کئی اور مزدوروں کو بھی سزائیں سنائی گئیں جس میں ر نیبے کو 15 سال قید،شواب اور فلڈن کو عمر قیدسنائی گئی ایک مزدور لیڈر لنگ نے قید میں خودکشی کر لی تھی ۔11 نومبر 1887 کو مزدور رہنماؤں اینجل، اسپائز، پارسنز اور فشر کو پھانسی دے دی گئی، ان میں سے صرف دو افراد امریکی شہری تھے باقی انگلینڈ، آئرلینڈ اور جرمنی کے شہری تھے۔ ان رہنماؤں کے جنازے میں 6 لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔

1889میں پیرس میں ’انقلاب فرانس‘ کی صد سالہ یادگاری تقریب کے موقعے پر ریمونڈ لیونگ نے یہ تجویز رکھی کہ 1890 میں شکاگو کے مزدوروں کی برسی کے موقع پر عالمی طور پر احتجاج کیا جائے۔ یوم مئی عالمی طور پر منانے کے لیے اس تجویز کو با قاعدہ طور پر 1891 میں تسلیم کر لیا گیا۔ اب دنیا بھر میں قانونی طور پر 8 گھنٹے کی ڈیوٹی کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔ یکم مئی کو دنیا کے کچھ ممالک لیبر ڈے کے طور پر مناتے ہیں ۔


جن ممالک میں لیبر ڈے یکم مئی کو منایا جاتا ہے ان میں ارجنٹائن، بولیویا، برازیل، بحرین، بنگلہ دیش سمیت کمبوڈیا اور چین میں لیبر ڈے یکم مئی کو منایا جاتاہے۔واضح رہے امریکا کی مختلف ریاستوں میں اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کسی ایک روز منایا جاتا ہے۔اسی طرح بہاماس میں لیبر ڈے کی سات جون کو چھٹی کی جاتی ہے۔آسٹریلیا،نیدر لینڈز نیوزی لینڈ اور کینیڈا میں یہ دن ستمبر کے پہلی پیر کو منایا جاتا ہے۔ انگلینڈ میں یوم مئی کی چھٹی ہوتی ہے لیکن بینک بند نہیں ہوتے اور کمیونسٹ ممالک میں یوم مئی کو فوجی پریڈز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ہمارے ملک میں مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یکم مئی کو یوم مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی اہمیت ختم ہوتی جا رہی ہے ۔ مزدوروں کے حق کی لڑائی لڑنے والی ٹریڈ یونین اب تاریخ ہوتی جا رہی ہیں۔ سابق مرکزی وزیر دفاع جارج فرنانڈیز اسی ٹریڈد یونین کلچر کی دین تھے ۔آج سرکاری اداروں میں ہر چیز ٹھیکہ پر دے دی گئی ہے اور نجی اداروں میں ٹریڈ یونین کا کوئی کلچر نہیں ہے ۔تاریخ کا یہ اہم دن اب خود تاریخ ہوتا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔