سیکورٹی گارڈ نے جج کی بیوی اور بیٹے پر چلائی گولی، حالت نازک

میڈیا ذرائع کے مطابق جج کا سیکورٹی گارڈ مہیپال جج کی بیوی کے برے برتاؤ سے نالاں تھا اور غصے کے عالم میں اس نے قاتلانہ حملہ کیا۔ پولس اسے گرفتار کر پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی سے ملحق گڑگاؤں کے سیکٹر 49 میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں جج کی بیوی اور ان کے بیٹے پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج کرشن کانت شرما کے بیٹے دھرو اور ان کی بیوی رینو کو جج کے ہی سیکورٹی گارڈ نے گولی مار دی۔

خبروں کے مطابق گولی سیکٹر 49 واقع مارکیٹ کے قریب ماری گئی جس کے بعد وہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ فوراً ماں اور بیٹے کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس وقت کرشن کانت شرما کی بیوی خطرے سے باہر ہیں لیکن ان کے بیٹے کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

جج کے بیٹے اور بیوی پر گولی چلائے جانے کی اطلاع ملنے کے بعد پولس محکمہ میں بھی کھلبلی مچ گئی۔ گولی چلانے والے مہیپال کو صدر تھانہ میں ایس ایچ او نے پکڑنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ ناکام رہے۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی گڑگاؤں پولس کے اعلیٰ افسران بھی حرکت میں آئے اور پھر کہیں جا کر ملزم مہیپال کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ڈی سی پی سلوچنا گوجر نے اس سلسلے میں واقعہ کی جانچ کرائے جانے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جج کی بیوی اور بیٹے دونوں کا علاج چل رہا ہے اور اس حادثہ سے متعلق تفصیل جاننے کی کوشش ہو رہی ہے۔ کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق مہیپال جج کی بیوی کے برے برتاؤ سے ناراض تھا اور اسی لیے غصے کے عالم میں گولی چلا دی۔

مہیپال نے جس مقام پر جج کی بیوی اور بیٹے کو گولی ماری وہاں پر کافی بھیڑ جمع تھی۔ اس واقعہ کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں نظر آ رہا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے جج کے بیٹے کو گولی مارنے کے بعد اسے کار میں بھی رکھنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہا اور فرار ہو گیا۔ واقعہ کی جانچ کے لیے فورنسک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور جانچ شروع ہو چکی ہے۔ پولس کی ٹیم مہیپال سے لگاتار پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔