ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر براوو نے بین الاقوامی کرکٹ کو کہا الوداع
سال 2004 میں بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں قدم رکھنے والے براوو نے اپنے کیریئر میں 40 ٹیسٹ، 164 ون ڈے اور 66 ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔
بارباڈوس: اپنے گیت ’چمپئن‘ پر سب کو تھركانے والے ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر ڈیون براوو کا اب بین الاقوامی کرکٹ میں جلوہ دیکھنے کو نہیں ملے گا۔ انہوں نے بدھ کو 14 برس کے اپنے سنہرے کیریئر کو الوداع کہہ دیا۔ 35سالہ براوو نے اپنے بیان میں کہاکہ میں آج کرکٹ کی دنیا کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ میں 14 سال کے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جب میں نے ونڈيز کیلئے ڈیبو کیا تھا اور لارڈس میدان میں جولائی 2004 کو کیپ حاصل کی تھی۔ میرے اندر اس دن جو توانائی تھی اسے میں نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ قائم رکھا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بھی پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
سال 2004 میں بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں قدم رکھنے والے براوو نے اپنے کیریئر میں 40 ٹیسٹ، 164 ون ڈے اور 66 ٹوئنٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے آخری بین الاقوامی میچ دو سال پہلے ستمبر 2016 میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔ براوو نے کہاکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ایک پیشہ ور کرکٹر کے طور پر اپنے کیریئر کو اور طویل جاری رکھنے کے لیے مجھے بین الاقوامی کرکٹر کو اپنے نئے کھلاڑیوں کو سپرد کردینا چاہیے۔ براوو نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2010 میں کھیلا تھا لیکن بعد میں وہ ایک ماہر ٹوئنٹی 20 کرکٹر بن گئے۔
ونڈيز آل راؤنڈر نے چار سال پہلے سال 2014 میں اپنا آخری ون ڈے کھیلا تھا۔ دھرم شالہ میں ہندستان کے خلاف یہ میچ بہت ڈرامائی موڑ پر ختم ہوا تھا جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ادائیگی تنازعہ کی وجہ سے کھیلنے سے انکار کیا تھا اور وطن لوٹ گئی تھی۔ براوو اس وقت ونڈيز ٹیم کے کپتان تھے اور وہ صرف ٹاس میں اترے جس کے بعد پوری ونڈيز ٹیم نے کھیلنے سے انکار کر اپنا احتجاج ظاہر کیا ۔ حالانکہ اس کے بعد براوو کو ون ڈے میں کھیلنے کا دوبارہ موقع نہیں ملا۔براوو کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ ہی ان کے قومی ٹیم میں واپسی کی قیاس آرائی پر بھی روک لگ گئی ہے۔ انہوں نے یہ اعلان ایسے وقت کیا ہے جب ونڈيز ٹیم ہندستان دورے پر ہے اور فی الحال ون ڈے سریز کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری مدد کی۔ میں اپنے شائقین کی ہر بار حمایت کرنے کے لئے آپ کا شکریہ کرتا ہوں۔ مجھے اپنے کیریئر میں دنیا بھر میں جانے اور بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شئیر کرنے کا موقع ملا۔
کیریبین آل راؤنڈر نے ٹیسٹ کیریئر میں تین سنچریوں سمیت 31.42 کی اوسط سے 2200 رن بنائے اور 39.83 کی اوسط سے 86 وکٹ لئے۔ ون ڈے میں انہوں نے 25.36 کی اوسط اور 82.30 کے اسٹرائک ریٹ سے 2968 رن بنائے اور 199 وکٹ لئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Oct 2018, 11:09 PM