ہم نے مودی کی جیت کا گھوڑا روک دیا: کماراسوامی
کماراسوامی نے کہا، کانگریس -جے ڈی ایس اتحاد نے کرناٹک میں اشومیدھ کا گھوڑا روک دیا ہے ، شاید آنے والے دنوں میں امت شاہ گھوڑے کی لاش لے کر مودی کے پاس جائیں گے۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اشومیدھ یگیہ کے گھوڑے کو کرناٹک میں جے ڈی ایس- کانگریس اتحاد روکنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ کماراسوامی نے کہا کہ انہوں نے مودی اور شاہ کی جوڑی کا انتخابی رتھ روک دیا ہے۔
کماراسوامی نے کہا کہ اترپردیش کے انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد ہی میں نے نریندر مودی اور امت شاہ کے اشومیدھ یگیہ کے گھوڑے کو روکنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور آج کانگریس - جی ڈی ایس اتحاد نے اس گھوڑے کو روک دیا ہے۔
اشومیدھ یگیہ کا گھوڑا کسے کہتے ہیں؟ہندوستان میں زمانہ قدیم میں راجاؤں کی طرف سے ایک مخصوص یگیہ کیا جاتا تھا جسے اشو میدھ یگیہ کہاجاتا تھا۔ اس یگیہ کے لئے ایک گھوڑے کو فوج کے ساتھ ریاست در ریاست گھمایا جاتا تھا۔ گھوڑا جس ریاست سے بغیر رکاوٹ گزرجاتا اسے راجا کے ماتحت تصور کر لیا جاتا تھا اور جس ریاست میں گھوڑے کو روک لیا جاتا تھا تو اس ریاست کو راجا کی فوج سے جنگ لڑنی پڑتی تھی۔ تمام ریاستوں کو فتح کرنے کے بعد یگیہ پورا ہوجا تا تھا ۔پھرراجا کو چکرورتی کا لقب حاصل ہو جاتا تھا۔
کماراسوامی نے کہا کہ ’’اب شاید آنے والے دنوں میں امت شاہ اشومیدھ یگیہ کے گھوڑے کی لاش لے کر نریندر مودی کے پاس جائیں گے۔ ‘‘ واضح رہے کہ ایچ ڈی کماراسوامی نے بدھ کے روز کرناٹک کے 25 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ کماراسوامی کی حلف برداری تقریب میں بی جے پی مخالف پارٹیاں جمع ہوئی تھیں۔ ان تمام سیاسی جماعتوں نے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے ایک اہم پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔
حلف برداری تقریب کے دوران کانگریس کے رہنما جی پرمیشور نے بھی نائب وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لیا۔ تقریب کے دوران یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر راہل گاندھی، این سی پی کے سربراہ شرد پوار، بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی، ایس پی صدر اکھلیش یادو، ٹی ایم سی کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، ٹی ڈی پی کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری، بائیں بازو کے رہنما ڈی راجا، آر ایل ڈی کے سربراہ اجیت سنگھ، آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو سمیت متعدد رہنما شامل ہوئے۔ دوسری طرف بی جے پی نے حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا اور احتجاجاً ’اینٹی مینڈیٹ ڈے ‘ منایا۔
اتحادی حکومت کے حوالے سے ظاہر کئے جا رہے خدشات پر کماراسوامی نے کہا کہ ’’میں کرناٹک کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ انہیں اس بات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں کہ حکومت کیسے اور کتنے دن چلے گی۔ جے ڈی ایس - کانگریس اتحاد مل کر ریاست کے لئے ترقی کے کام کرے گا۔‘‘
واضح رہے کہ کماراسوامی کل یعنی جمعہ کے روز کرناٹک اسمبلی میں اکثریت ثابت کریں گے۔ کانگریس نےجے ڈی ایس سے اتحاد کر کے ملک کے مفاد میں فیصلہ لیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔