’ہم ناوابستگی کے دور سے نکل کر عالمی دوست بنے‘، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں جئے شنکر کا بیان
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا کہ ’’ہم نے 75 ممالک کے ساتھ ترقی پر مبنی شراکت داری بنائی ہے، آفات اور ایمرجنسی حالات میں بھی ہم نے پہلے سرگرمی دکھائی ہے، ترکی اور شام کے لوگوں نے یہ دیکھا ہے۔‘‘
ہندوستانی مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) میں کہا کہ ہندوستان متنوع شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ناوابستگی کے دور سے اب ہم عالمی دوست کے دور میں پہنچ گئے ہیں۔ یہ مختلف ممالک کے ساتھ جڑنے اور جہاں ضروری ہو، مفادات میں ہم آہنگی قائم کرنے کی ہماری صلاحیت اور خواہش میں ظاہر ہوتا ہے۔ یہ کواڈ کی تیز رفتار ترقی میں دکھائی دیتا ہے۔ یہ برکس گروپ کی توسیع یا آئی 2 یو 2 کے ارتقاء میں بھی یکساں طور سے واضح ہے۔‘‘
وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے یو این جی اے میں کہا کہ ’’ہم نے 75 ممالک کے ساتھ ترقی پر مبنی شراکت داری بنائی ہے۔ آفات اور ایمرجنسی حالات میں بھی ہم نے پہلے سرگرمی دکھائی ہے۔ ترکی اور شام کے لوگوں نے یہ دیکھا ہے۔‘‘ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’’ہمارا نیا دعویٰ قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے ایک تہائی سیٹیں محفوظ کرنے کے لیے اہم قانون ہے۔ میں ایک ایسے سماج کے لیے بولتا ہوں جہاں جمہوریت کی قدیم روایات اور گہری جدید جڑیں ہیں۔ نتیجہ کار ہماری سوچ، نظریہ اور کام زیادہ بنیادی اور مستند ہیں۔‘‘
اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے پیر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے سربراہ ڈینس فرانسس سے ملاقات کی تھی۔ جئے شنکر گزشتہ جمعہ سے امریکہ کی اپنی 9 روزہ سفر پر ہیں۔ یہاں وہ خاص طور سے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں حصہ لینے اور گلوبل ساؤتھ پر ایک خاص پروگرام کی میزبانی کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔