چیتن شرما کی گیند پر میاں داد کا چھکّا... وسیم اکرم نے کیا نیا انکشاف

پاکستان کے سابق تیز گیندباز وسیم اکرم نے چیتن شرما کی گیند پر میاں داد کے ذریعہ لگائے گئے چھکّا کو یاد کرتے ہوئے ایک ایسی بات کا انکشاف کیا جس کے بارے میں شاید ہی کوئی جانتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے سابق کپتان اور دنیا کے مایہ ناز تیز گیندباز وسیم اکرم نے چیتن شرما کی گیند پر میاں داد کے ذریعہ مارے گئے چھکّا سے متعلق ایک نیا انکشاف کیا ہے جس کے بارے میں اب تک کسی کو معلوم نہیں تھا۔ یہ انکشاف انھوں نے دوبئی میں’سلام کرکٹ‘ نام سے منعقد ایک کنکلیو میں کیا جو کہ ’آج تک‘ کے ذریعہ کرایا گیا۔اس کنکلیو کے دوران وسیم اکرم نے 1986 میں شارجہ میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ کا تذکرہ کیا جس میں آخری گیند پر چھکّا لگا کر میاں داد نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔

وسیم اکرم نے اس لمحہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوری دنیا جانتی ہے کہ شارجہ میں اس دن جاوید میاں داد نے چیتن شرما کی گیند پر چھکّا لگا کر ہندوستان سے جیت چھین لی، لیکن ایک بات شاید کوئی نہیں جانتا۔ اس چھکّا میں میرا بھی بہت اہم تعاون تھا۔‘‘ انھوں نے اس دوران انکشاف کیا کہ ’’جاوید میاں داد نے جس بلّے سے چیتن شرما کی گیند پر چھکّا لگایا تھا وہ میرا تھا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’جب اس میچ کو جیتنے کے لیے پاکستان کو آخری گیند پر 4 رنوں کی ضرورت تھی تو میاں داد نے چھکّا مارنے کے لیے میرا بیٹ منگوایا تھا اور ایسا کرنے میں وہ کامیاب ہو گئے۔ اپنے بلّے سے متعلق وسیم اکرم کہتے ہیں کہ ’’میرا وہ بلّا بہت خاص تھا اور کافی بڑھا بھی تھا۔ میاں داد نے میرے جس بلّے سے چھکّا مارا تھا اس کی اب تک چار بار نیلامی بھی ہو چکی ہے۔‘‘

جب وسیم اکرم نے میاں داد کے چھکّا اور اپنے بلّے سے متعلق انکشاف کیا تو اس وقت ہندوستان کے مشہور و معروف کرکٹر کھلاڑی سنیل گواسکر بھی کنکلیو میں موجود تھے۔ انھوں نے 1986 کے اس لمحہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’چیتن آخری گیند یارکر ڈالنا چاہتے تھے لیکن وہ ایسا کر نہیں پائے اور گیند یارکر کی جگہ فُل ٹاس چلا گیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میاں داد نے چھکّا مار دیا۔‘‘

واضح رہے کہ 1986 میں ’آسٹریلیشیا‘ کپ کے فائنل مقابلہ میں ہندوسان اور پاکستان آمنے سامنے تھے۔ پاکستان کو آخری گیند پر چار رنوں کی ضرورت تھی اور میاں داد نے چیتن شرما کی گیند پر 6 رن بنا ڈالے تھے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کسی بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان کو پہلی بار شکست دینے میں کامیاب ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔