کورونا پر فتح اب دور نہیں، دنیا بھر میں 141 ٹیکوں پر کام جاری

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل گیبریسس نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ تنظیم کو مالی مدد روکنے سے متعلق تبصرے کے باوجود امریکہ ڈبلیو ایچ او کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

کورونا انفیکشن کی بیماری نے پوری دنیا کو حیران و پریشان کر رکھا ہے۔ سبھی ممالک کوشش کر رہے ہیں کہ جلد سے جلد اس مہلک وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے ٹیکہ تیار کیا جائے۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ روس، امریکہ اور برازیل وغیرہ ممالک میں زور و شور سے ٹیکہ پر تجربہ کا عمل جاری ہے اور وبائی امراض کے ماہرین و سائنسداں دن رات محنت کر رہے ہیں۔ ہندوستان میں بھی 'کوویکسن' نامی ٹیکہ کے ہیومن ٹرائل کی منظوری مل گئی ہے۔ اس درمیان عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس گیبریسس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کووڈ-19 کے 141 ٹیکے تیار کئے جارہے ہیں۔

خبر رساں ادارہ 'یو این آئی' کے مطابق ڈاکٹر گیبریسس نے 'واشنگٹن پوسٹ' اخبار کےلئے ایک مضمون میں کہا ہے کہ ’’کووڈ-19 کے ٹیکے تیار کرنے کےلئے جو بین الاقوامی تعاون مل رہا ہے ،اس کی اہمیت پر غور کریں۔یہ تقریباً اسی وقت شروع کیا گیا جب کورونا وائرس کا تسلسل آن لائن شیئر کیا گیا تھا اور اب 141 ٹیکوں کو تیار کیا جارہا ہے۔معروف امیدوارٹیکے کی کامیابی سے محض کچھ مہینے دور ہیں۔یقیناً مکمل سیکورٹی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے،لیکن ہم پُرامید ہیں۔‘‘ ڈاکٹر گیبریسس نے ساتھ ہی یہ امید بھی ظاہر کی کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ تنظیم کو مالی مدد روکنے سے متعلق تبصرے کے باوجود امریکہ ڈبلیو ایچ او کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔


قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے کوویڈ 19 کو 11 مارچ کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے 1.06 کروڑ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں اور 515,000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ پریشان کن بات یہ ہے کہ مریضوں کی تعداد پوری دنیا میں لگاتار تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، لیکن سکون دینے والی بات یہ ہے کہ صحت مند ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jul 2020, 1:42 PM