لو جہاد:VHP کی ایڈوائزری...’ہندو خواتین مسلم نوجوانوں سے رہیں دور‘
وی ایچ پی نے ہندو لڑکیوں و خواتین سے کہا ہے کہ ’’مسلم نوجوان ہیرو کی طرح ان کے سامنے آئیں گے اور اداکاری کر انھیں اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کریں گے لیکن ان کے جال میں پھنسنا مت۔‘‘
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی مغربی بنگال یونٹ ہندو خواتین کے ذریعہ مسلم نوجوانوں سے شادی کے بڑھتے معاملات کو لے کر اتنی پریشان ہے کہ اس نے ایک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اس ایڈوائزری میں اس نے ہندو لڑکیوں اور خواتین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مسلم نوجوانوں سے دور رہیں اور ان سے کسی بھی طرح کا رشتہ نہ رکھیں۔ وی ایچ پی نے اس ایڈوائزری میں ’کیا کریں‘ اور ’کیا نہ کریں‘ کی فہرست دی ہے۔ اس فہرست کو پمفلٹ کی شکل میں شائع کر بڑے پیمانے پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جو پمفلٹ وی ایچ پی تقسیم کر رہی ہے اس میں ہندو لڑکیوں و خواتین کو نصیحت دی گئی ہے کہ ’’مسلم نوجوان ہیرو کی طرح ان کے سامنے آئیں گے اور اداکاری کر انھیں اپنے جال میں پھنسانے کی کوشش کریں گے جس سے بچنے کی ضرورت ہے۔‘‘ وی ایچ پی نے اس میں مزید لکھا ہے کہ ’’وہ آپ کو مہنگے تحائف بھی دیں گے اور اچھا اچھا کھانا بھی کھلائیں گے لیکن ہوشیار رہنا، اس کے جال میں مت پھنسنا۔‘‘ ساتھ ہی اس ہندوتوا پرست تنظیم نے صلاح دی ہے کہ جب بھی کوئی مسلم شخص اس طرح انھیں جال میں پھنسانے کی کوشش کرے تو اس کی اطلاع فوراً نزدیکی تھانہ کو دیں یا پھر وی ایچ پی کو بتائیں۔
ایک ہندی ویب سائٹ کی خبر کے مطابق وی ایچ پی نے اپنے ایڈوائزری میں شادی شدہ ہندو خواتین کے لیے بھی کچھ باتیں لکھی ہیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ روایتی منگل سوتر پہننے، پیشانی پر سندور لگانے اور ہاتھوں میں شنکھا چوڑی پہننے کو لازمی بنائیں اور خود کے ہندو ہونے پر فخر محسوس کریں۔ اس ایڈوائزری سے متعلق وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ مسلم نوجوان ہندو لڑکیوں و خواتین کو جھوٹی محبت کے جال میں پھنسانے کے لیے کئی طرح کے جال ان پر پھینکتے ہیں۔ وی ایچ پی کا الزام ہے کہ پیسے لے کر بھی کچھ مسلم نوجوان ہندو خواتین کو پھنساتے ہیں اور ’لو جہاد‘ کو انجام دیتے ہیں۔
اپنی ایڈوازئری میں وی ایچ پی نے ’دُرگا واہنی‘ اور ’بجرنگ دل‘ کے کارکنان کے لیے بھی کچھ باتیں لکھی ہیں۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پمفلٹ اور بک لیٹ شائع کر گھر گھر مہم چلائیں تاکہ لو جہاد جیسے معاملوں کو روکا جا سکے اور ہندو لڑکیوں کو مسلم لڑکوں کے چنگل میں پھنسنے سے بچایا جا سکے۔ ساتھ ہی ساتھ ان تنظیموں کو وی ایچ پی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی ہندو لڑکی لو جہاد کی شکار ہو گئی ہے تو اسے اپنے شوہر کو ہندو بنانے کے لیے راضی کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Sep 2018, 9:29 PM