کیرانہ میں 73 پولنگ مراکز پر کل از سر نو ووٹنگ
اترپردیش میں کیرانہ لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کے دوران ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشین میں خرابی کے سبب کل 73 پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔ ان میں 68 بوتھ سہارنپور ضلع میں ہیں اور 5 بوتھ شاملی ضلع میں۔
27 مئی کو ملک کی الگ الگ ریاستوں کی 4 لوک سبھا اور 10 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے دوران بڑی تعداد میں ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی مشینوں کے خراب ہونے کی خبریں سامنے آئیں۔ اتر پردیش کی کیرانہ لوک سبھا سیٹ پر بھی ایسی ہی شکایتیں ملیں۔ اب انتخابی کمیشن نے کیرانہ لوک سبھا ضمنی انتخاب میں 73 پولنگ مراکز پر کل دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ کیرانہ لوک سبھا حلقہ ضمنی انتخاب میں کل ہونے والی از سر نو ووٹنگ میں سہارنپور ضلع میں 68 اور شاملی ضلع میں 5 بوتھ شامل ہیں۔
28 مئی کو ضمنی انتخاب کے دوران ضلع انتخابی افسر نے کافی کوششوں کے بعد دیر شام تک ووٹنگ کرائی تھی۔ اس کے بعد بھی کئی بوتھ پر ای وی ایم میں خرابی آنے کے سبب کافی لوگ حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہ گئے تھے۔ اسی وجہ سے انتخابی کمیشن نے کل 73 بوتھ پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کی اجازت دی ہے۔ ان سبھی بوتھوں پر کل صبح سات بجے سے ووٹنگ ہوگی۔
دوسری طرف ای وی ایم میں خرابی سے متعلق اٹھے سوال پر چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے بیان دیا ہے کہ ’’پیر کے روز ضمنی انتخابات کے دوران ای وی ایم میں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ وی وی پی اے ٹی میں ضرور خامیاں سامنے آئی ہیں۔ یہ وی وی پی اے ٹی ان انتخابی حلقوں میں اور پولنگ پارٹی کے ذریعہ پہلی بار استعمال کی گئی تھیں۔‘‘
ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی میں خرابی کی شکایت پر سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بیلٹ پیپر سے آئندہ انتخاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر سے انتخاب جمہوریت کو مزید مضبوطی فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی ضمنی انتخابات میں ای وی ایم کے سبب جہاں جہاں ووٹنگ متاثر ہوئی وہیں دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے۔
28 مئی کو ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی میں خرابی کی شکایتوں کے بعد اپوزیشن نے اسے بی جے پی کی سازش قرار دیا تھا۔ کیرانہ سے آر ایل ڈی امیدوار تبسم حسن نے انتخابی کمیشن کو خط لکھ کر اس کی شکایت کی تھی۔ انھوں نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر جگہ ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مشینوں سے جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ انھوں نے کہا تھا کہ مسلم اور دلت اکثریتی علاقے میں خراب ای وی ایم کو نہیں بدلا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔