یو پی وزیر راجبھر نے یوگی حکومت کو پھر لتاڑا، کہا ’عوام چن لے گی دوسرا متبادل‘
یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں کابینہ وزیر اوم پرکاش راجبھر نے کہا کہ ہم نے اتر پردیش میں حکومت ضرور بنا لی ہے، لیکن یہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی ناکامیوں کی وجہ سے ممکن ہو پایا۔
اترپردیش حکومت میں کابینہ وزیر اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راجبھر نے ایک بار پھر اپنی ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا یہی حال رہا اور آنے والے دنوں میں ریاست میں ہم بہتر کام نہیں کر پائے تو عوام دوسرا متبادل چن لے گی۔ راجبھر نے آگے کہا کہ ’’ہم لوگ چھاتی ٹھونک کر یہ کہتے ہیں کہ ہم نے اتر پردیش میں حکومت بنا لی ہے۔ لیکن یہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی ناکامی کی وجہ سے ممکن ہو پایا تھا۔‘‘
اوم پرکاش راجبھر اتنے پر ہی نہیں رکے، انھوں نے کشی نگر حادثہ سے متعلق بھی یوگی حکومت کی تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ حادثہ کے بعد اسکولی گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے، اگر پہلے یہ جانچ ہوئی ہوتی تو حادثہ نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ 2-2 لاکھ روپے معاوضہ دینے سے کسی کی زندگی نہیں خریدی جا سکتی ہے۔ راجبھر نے یہ بھی کہا کہ سسٹم کس طرح کام کر رہا ہے، اسے دیکھنا بھی ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش میں اوم پرکاش راجبھر کی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کی بی جے پی کو حمایت حاصل ہے۔ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے گزشتہ اسمبلی انتخاب بی جے پی کے ساتھ مل کر لڑا تھا جس میں اس کے 4 ممبران اسمبلی نے فتحیابی حاصل کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Apr 2018, 3:16 PM