عالمی جنگ بندی نافذ کرنے کے لئے سلامتی کونسل میں قرارداد منظور
قرارداد میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ، القاعدہ اور النصرہ فرنٹ کے علاوہ ان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوجی کاروائیاں جاری رہیں گی جو سلامتی کونسل کی فہرست میں ہیں۔
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کرکے تمام ممالک سے عالمی جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایسا کورونا وائرس کے خلاف جاری لڑائی پر توجہ مرکوز کرنے کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ جانکاری اقوام متحدہ کے سفارتی ذرائع نے بدھ کے روز دی.
قرارداد کے مطابق سلامتی کونسل نے دنیا بھر میں مسلح تنازعہ سے منسلک تمام فریقوں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر کم ازکم 90 دنوں کے لئے عالمی جنگ بندی نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ اس مشکل وقت میں کووڈ-19 کے خلاف جاری لڑائی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس قرارداد میں واضح طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ، القاعدہ اور النصرہ فرنٹ کے علاوہ ان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف فوجی کاروائیاں جاری رہیں گی جو سلامتی کونسل کی فہرست میں ہیں۔
قرارداد کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس یہ یقینی بنائیں گے کہ کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں غریب اور جنگ سے متاثرہ ممالک کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔ ماہ جولائی کے لئے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ میں جرمنی کے سفیر کرسٹوف ہیوس زین نے کہا کہ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس تجویز کے حق میں سبھی 15 اراکین نے ووٹ دیاہے ۔ سلامتی کونسل کے اتحادی لحاظ سے یہ ایک بہت اچھی علامت ہے۔ "
قابل ذکر ہے کہ یہ قرارداد فرانس اور تیونس کی جانب سے پیش کی گئی۔ کووڈ-19 کے تئیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے کردار پر امریکہ اور چین کے مابین رضامندی نہ ہونے کی وجہ سے یہ قرارداد اپریل سے زیر التوا تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔