یوکرین نے ہندوستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس کو سنائی خوشخبری، فائنل امتحان ہندوستان میں ہی دینے کا ملے گا موقع
یوکرین کی نائب وزیر خارجہ ایمین زھاپرووا نے بتایا کہ گزشتہ سال روسی حملہ کے بعد یوکرین سے لوٹے ہزاروں میڈیکل اسٹوڈنٹس اب ہندوستان میں اپنا فائنل امتحان یا پھر اہلیت سے متعلق امتحان دے سکیں گے۔
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے ہندوستان کے ان میڈیکل اسٹوڈنٹس کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو یوکرین میں رہ کر طبی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اب ایسے ہندوستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس کے لیے یوکرین نے خوشخبری دی ہے۔ یوکرین ہندوستانی طلبا کو ہندوستان سے ہی امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دے گا۔ یوکرین کی نائب وزیر خارجہ ایمین زھاپرووا نے 10 سے 12 اپریل تک ہندوستان کا سہ روزہ دورہ کیا۔ 12 اپریل کو انھوں نے ہندوستانی میڈیکل اسٹوڈنٹس سے متعلق کہا کہ یوکرین بیرون ملکی میڈیکل اسٹوڈنٹس کو ان کے ملک سے ہی فائنل امتحان دینے کی اجازت فراہم کرے گا۔
ایمین زھاپرووا نے بتایا کہ گزشتہ سال روسی حملہ کے بعد یوکرین سے لوٹے ہزاروں میڈیکل اسٹوڈنٹس اب ہندوستان میں اپنا فائنل امتحان یا پھر اہلیت سے متعلق امتحان دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 2000 ہندوستانی طلبا یوکرین لوٹ گئے ہیں اور ان میں سے بیشتر ملک کے مغربی حصہ میں میڈیکل یونیورسٹیز میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ روس کی طرف سے گزشتہ سال 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیے جانے کے بعد ایمین یوکرین کی پہلی لیڈر ہیں جنھوں نے ہندوستان کا دورہ کیا ہے۔ ایمین اور ہندوستانی وزارت خارجہ کے سکریٹری (مغرب) سنجے شرما کے درمیان ہندوستانی طلبا کے مستقبل کو لے کر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ایمین نے بتایا کہ طلبا آن لائن کلاسز میں شامل ہو سکتے ہیں اور سیکورٹی فکر کے سبب یوکرین واپس جائے بغیر ہندوستان میں اہلیت سے متعلق یا فائنل امتحان کے لیے موجود ہونے کا متبادل منتخب کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے جنگ کا مسئلہ حل ہونے کے بعد زیادہ طلبا واپس ہمارے پاس لوٹ آئیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔